طلبہ کی حاضری درج کرنے کی ہدایت ، یومیہ تین گھنٹے مقرر ، رجسٹرار جے این ٹی یو ے احکامات
حیدرآباد۔ریاست تلنگانہ میں موجود جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی نے 24 اگسٹ 2020 سے تعلیمی سال 2020-21کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں اپنے تمام ملحقہ کالجس کو احکام جاری کردیئے ہیں کہ وہ یومیہ تین گھنٹہ آن لائن کلاس منعقد کریں اور آن لائن کلاسس میں شرکت کرنے والے طلبہ کی حاضری کی تمام تفصیلات روزانہ کے اساس پر یونیورسٹی کو روانہ کردی جائیں۔جے این ٹی یو نے انجنئیرنگ اور بی فارمیسی کے طلبہ کے لئے کلاسس کے آغاز کا منصوبہ تیار کیا تھا اور اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ اس پر 24 اگسٹ سے عمل آوری کی جائے گی ۔یونیورسٹی نے پروفیشنل کالجسس میں پڑھائے جانے والے نصاب کو آن لائن کرنے کے علاوہ طلبہ کی سہولت کیلئے الکٹرانک مواد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی کئے ہیں۔ رجسٹرار جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی پروفیسر منظور ایم حسین نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کرتے ہوئے تمام کالجس کے ذمہ داروں کو 24 اگسٹ سے تعلیم کا آغاز کرنے کی ہدایات جاری کی اور کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے ملحقہ تمام کالجس میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ جماعتوں میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے آن لائن کلاسس کا آغاز کیا جائے گا اور ان کلاسس کے کی مدت یومیہ 3گھنٹے ہوگی اور کسی بھی کالج کی جانب سے 3گھنٹے سے زائد کلاس کے انعقاد کی شکایت موصول ہونے پر ان کے خلاف کاروائی کی گنجائش رہے گی کیونکہ یونیورسٹی نے کافی غور و خوص کے بعد اس وقت کا تعین کیا ہے۔