انجینئرنگ اور فوڈ پروسسنگ شعبہ جات میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع

   

نئی صنعتوں کے لیے حکومت کی رعایتیں، رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نے نئی کمپنی کا افتتاح کیا
حیدرآباد۔24 جنوری (سیاست نیوز) گرین انڈیا چیلنج کے حصے کے طور پر میگنیجنٹ ڈیجیٹل سولیوشن کمپنی کے افتتاح کے موقع پر رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ کمپنی کے آغاز کے موقع پر گرین لینڈس میں واقع دفتر کے روبرو کمپنی کے ذمہ داروں اور ملازمین کے ساتھ رکن راجیہ سبھا نے شجرکاری کی بعد میں گرین پارک ہوٹل میں کمپنی کی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی۔ شجرکاری کے موقع پر کمپنی کے سی ای او کشن کوی کونڈلا کے علاوہ جی ستیش، اے سرینواس اور دوسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سی ای او کشن کوی کونڈالا نے رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کی عوامی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران سنتوش کمار پارٹی صدر کے سی آر کے ساتھ شانہ بہ شانہ شریک رہے اور آج سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کے سلسلہ میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کے سلسلہ میں سنتوش کمار کی مساعی اور خدمات قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ہندوستان میں انجینئرنگ اور فوڈ پراسسنگ شعبہ میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ مزید نئے پراجیکٹس کے قیام سے مستقبل قریب میں سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ ڈیجیٹل مارکٹنگ اور سوشل میڈیا کے شعبوں میں تجربہ رکھنے والے جی ستیش نے کمپنی قائم کی ہے اور ابتداء میں اے ٹی ایس، ٹی اے ایس اور ایس کے ایل جیسی بین الاقوامی کمپنیوں کے پراجیکٹس کے حصول میں کامیابی ملی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کی غیر معمولی اہمیت ہے اور اس شعبہ میں نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کمپنی کے بہتر مستقبل کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نئی صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کررہی ہے اور مختلف رعایتوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لیے کئی قومی اور بین الاقوامی ادارے دلچسپی دکھارہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی قائم شدہ کمپنی ڈیجیٹل مارکٹنگ میں کارپوریٹ اداروں کے لیے بہتر خدمات انجام دے گی۔ گرین انڈیا چیلنج کے معاون فائونڈر راگھو نے کہا کہ ملک بھر میں گرین چیلنج ایک تحریک کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کی مساعی سے ماحولیاتی تحفظ کے لیے شجرکاری کے سلسلہ میں شعور بیدار کیا جارہا ہے۔ گرین چیلنج تحریک میں ملک کی کئی نامور شخصیتوں نے حصہ لیا اور یہ تحریک دن بہ دن وسعت اختیار کررہی ہے۔ اس موقع پر سنتوش کمار کو تہنیت پیش کی گئی۔