انجینئرنگ خصوصی مرحلے کی کونسلنگ کیلئے19 ہزار سے زائد نشستیں دستیاب

   

17تا 19 اگسٹ ویب آپشن کی سہولت، 23 اگسٹ کو نشستیں الاٹ کی جائیں گی

حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاست میں ایمسٹ خصوصی مرحلے کی کونسلنگ کا 17 اگسٹ سے آغاز ہوگا۔ کونسلنگ کیلئے 10 ہزار سے زیادہ نشستیں دستیاب ہیں۔ ان نشستوں پر داخلوں کیلئے 17 تا19 اگسٹ ویب آپشن اندراج کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔23 اگسٹ کو نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ ریاست میں گذشتہ تین سال سے انجینئرنگ کالجس میں داخلہ لینے والے طلبہ کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ گذشتہ تعلیمی سال کی بہ نسبت اس سال 10تا 15 ہزار زیادہ طلبہ نے انجینئرنگ کالجس میں داخلہ لیا ہے۔ جاریہ تعلیمی سال جملہ 82,717 طلبہ نے ابھی تک داخلہ لیا ہے جن میں62,112 طلبہ نے کنوینر کوٹہ اور 20,605 طلبہ نے مینجمنٹ کوٹہ میں داخلہ لیا ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد انجینئرنگ کالجس میں 80 ہزار سے زائد طلبہ نے پہلی مرتبہ داخلہ لیا ہے۔ تیسرے مرحلے کی کونسلنگ کے بعد کنوینر کوٹہ میں 70,627 طلبہ نے داخلہ لیا ہے جس میں 64 ہزار طلبہ نے کالجس میں اپنے اسنادات کو پیش کردیا ہے ۔ جاریہ ماہ 17 تاریخ سے خصوصی مرحلے کی کونسلنگ کا آغاز ہورہا ہے جس میں مزید9 خانگی انجینئرنگ کالجس میں 1300 نشستوں کے اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ جاریہ سال دو نئے انجینئرنگ کالجس کو منظوری دی گئی ہے۔ ان دونوں کالجس میں خصوصی مرحلہ کی کونسلنگ کے تحت داخلہ دینے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ اس کے بعد اسپاٹ کونسلنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ن