انجینئرنگ داخلوں کیلئے ویب کونسلنگ کے 2 دن التواء کا امکان

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے انجینئرنگ کالجوں میں داخلوں سے متعلق کونسلنگ کے ایک حصہ کے طور پر کالجوں کا انتخاب کرنے کے عمل کو مزید دو یوم کیلئے ملتوی کیا جاسکتا ہے ۔ اب یہ کونسلنگ 5 جولائی کی بجائے 7 جولائی سے شروع کرنے کا امکان ہے کیونکہ انجینئرنگ فیس مقرر کرنے کے عمل کو ابھی قطعیت نہیں دی گئی ہے ۔ ٹی اے ایف آر سی عہدیدار فیس کا تعین کرنے کوشاں ہیں تاہم پہلے عدالت سے رجوع 81 کالجوں کیلئے یعنی مکمل فیس مقرر کرنے اور عدلیہ سے رجوع نہ ہونے والے کالجوں کیلئے عارضی فیس مقرر کرنے پر عہدیداران متعلقہ سنجیدگی سے غور کررہے ہیں اور اس فیس کی بنیاد پر ہی ویب کونسلنگ شروع کرنے کا فیصلہ کئے جانے کی اطلاعات ہیں ۔ اس طرح ویب کونسلنگ کے عمل میں تیزی پیدا کی جارہی ہے۔ اگر ویب کونسلنگ میں تاخیر ہونے کا امکان دینے کی صورت میں یکطرفہ فیس کے تعین کا عمل جاری رکھتے ہوئے دوسری طرف ویب کونسلنگ کو جاری رکھنے کا عہدیدار ارادہ رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں ویب کونسلنگ کے آخری دو دن کالجوں کی پوری فیس کا جائزہ لینے کا طلباء کو موقع فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے کیونکہ طلباء کو پہلے کالج فیس کا وقف واضح نہ ہونے کی صورت میں کم از کم آخری دو دن میں کسی کالج کی فیس کتنی ہے، واقفیت حاصل ہوسکے گی۔