انجینئرنگ طلبہ کیلئے جلد ہی فینانشیل سروسیس کورس کا آغاز

   

حیدرآباد۔ یکم ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) انڈر گریجویٹ انجینئرنگ طلبہ اب جلد ہی کارپوریٹ فینانس، رسک مینیجمنٹ اور اکاؤنٹنگ کے علاوہ بی ایف ایس آئی شعبہ میں دیگر ایریاس میں مہارت حاصل کریں گے۔ اپنی نوعیت کے پہلے اقدام میں ریاست میں انجینئرنگ کالجس کی جانب سے بی ای؍ بی ٹیک پروگرامس میں فینانشیل سرویسیس میں ایک مائنر کورس متعارف کیا جائے گا چونکہ بینکنگ، فینانشیل سرویسیس اور انشورنس (BFSI) شعبہ میں ملازمتوں کے کافی مواقع دستیاب ہیں اس لئے محکمہ تعلیم نے کمشنریٹ آف ٹکنیکل ایجوکیشن اور ریاست کی یونیورسٹیز جیسے عثمانیہ یونیورسٹی اور جے این ٹی یو، حیدرآباد کے ساتھ بی ای؍ بی ٹیک میں اس نئے کورس کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے اصول و قواعد اور نصاب کی تدوین کے لئے محکمہ کی جانب سے حال ہی میں یونیورسٹیز کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اس سلسلہ میں ایک اور اجلاس اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں منعقد کیا جائے گا۔ یہ نیا کورس یوجی انجینئرنگ کے تیسرے سال میں پیش کیا جائے گا۔ بی ایف ایس آئی شعبہ میں کیریئر بنانے کے خواہاں طلبہ یہ کورس اختیار کرسکتے ہیں۔ انہیں بی ای ؍ بی ٹیک کی ڈگری فینانشیل سرویسیس کورس کے ساتھ دی جائے گی۔ فی الوقت مائنر کورسیس جیسے روبو ٹکس، مصنوعی ذہانت، نیچرل لینگویج پروسیسنگ، ڈیٹا سائنس، سائبر سیکوریٹی اور انٹرنیٹ آف تھنگس کو ایک انٹر ڈسپلنری اپروچ کے حصہ کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ ابتداء میں اسے اٹانومس انجینئرنگ کالجس جیسے عثمانیہ یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ اور سی بی آئی ٹی میں شروع کیا جائے گا۔ بعد میں اسے عثمانیہ یونیورسٹی، جے این ٹی یو، حیدرآباد اور کاکتیہ یونیورسٹی سے ملحقہ دیگر کالجس میں شروع کیا جائے گا۔