انجینئرنگ و فارمیسی طلبہ کو سائبر سیکوریٹی کورسیس لازمی

   

آئندہ سال سے کورس متعارف ، انچارج وائس چانسلر جے این ٹی یو جیش رنجن کا بیان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : انچارج وائس چانسلر جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد و پرنسپال سکریٹری آئی ٹی حکومت تلنگانہ مسٹر جیش رنجن نے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال سے کمپیوٹر سائنس طلباء کے لیے ہی نہیں بلکہ جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی سے ملحقہ 300 انجینئرنگ و فارمیسی کالجوں کے طلباء کے لیے بھی ’ سائبر سیکوریٹی کورسیس ‘ کو لازمی طور پر رکھا جائے گا ۔ مسٹر جیش رنجن جنہوں نے کوکٹ پلی حیدرآباد میں حکومت تلنگانہ و ڈاٹا سیکوریٹی کونسل آف انڈیا کی جانب سے مشترکہ طور پر قائم کردہ ’ سائبر سیکوریٹیسنٹر آف ایکسلنس ‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ فروغ پاتی ہوئی ٹکنالوجی کے برابر سائبر جرائم میں ملوث پائے جانے والے مجرمین کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ تاہم اس سلسلہ میں مثبت اقدامات کے ذریعہ تدارک کرنے کی ممکنہ کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تلنگانہ حکومت نے سائبر سیکوریٹی پالیسی کو متعارف کر کے اس پالیسی پر موثر عمل آوری کے اقدامات کررہی ہے ۔ اس موقعہ پر آئی آئی ٹی حیدرآباد ، جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی ، سی ڈاک کے علاوہ متعدد اداروں سے ’ سائبر سیکوریٹی سنٹر آف ایکسلنس ‘ کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر ( سی ای او ) ڈاکٹر بیرودا وول سری رام نے یادداشت مفاہمت کو طے کر کے دستخط کیے ۔ بعد ازاں اس افتتاحی تقریب سے خطاب کرنے والے مختلف مقررین نے کہا کہ تلنگانہ میں سائبر سیکوریٹی جدوجہد میں تیزی پیدا کرنے میں ’ سائبر سیکوریٹی سنٹر آف ایکسلنس ‘ زبردست مددگار اور ممد و معاون ثابت ہوگا ۔ مقررین نے کہا کہ آئی ٹی ( انفارمیشن ٹکنالوجی ) ہی نہیں بلکہ تمام شعبہ جات ڈیجیٹل ہونے کی روشنی میں سائبر سیکوریٹی میں قابلیت و صلاحیت حاصل کرنے پر ان با صلاحیت و قابلیت کے حامل افراد کا مستقبل انتہائی درخشاں رہے گا ۔ اس افتتاحی تقریب میں ڈی ایس سی آئی سی ای او رما ویدا شری سائینٹ صدر نشین مسٹر بی وی آر موہن ریڈی ، ین آئی آئی ٹی گروپ چیرمین مسٹر راجندر پوار سائبر سیکوریٹی نیشنل کوآرڈینیٹر مسٹر راجیش پنت اور دیگر عہدیدار وغیرہ بھی شریک تھے ۔۔