انجینئرنگ و فارمیسی کالجس میں بائیو میٹرک حاضری

   

Ferty9 Clinic

آئندہ سال سے سختی سے عمل آوری ، انچارج وائس چانسلر جے این ٹی یو جیش رنجن کا خطاب
حیدرآباد۔یکم۔مارچ(سیاست نیوز) آئندہ تعلیمی سال سے جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کے تحت موجود تمام انجنئیرنگ اور فارمیسی کالجس میں بائیو میٹرک حاضری نظام کو لازمی قرار دیا جائے گا۔ ریاست تلنگانہ میں موجود انجنئیرنگ و فارمیسی کالجس میں بائیو میٹرک نظام حاضری کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں انچارج وائس چانسلر مسٹر جئیش رنجن اور مسٹر گووردھن انچارج رجسٹرار نے تمام کالج انتظامیہ کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس فیصلہ سے واقف کروایا اور کہا کہ ریاست میں طلبہ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے بہتر اساتذہ اور بہتر انفراسٹرکچر کے علاوہ طلبہ کی حاضری کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے اسی لئے جے این ٹی یو نے فیصلہ کیا ہے کہ جے این ٹی یو سے ملحقہ تمام کالجس میں بائیو میٹرک حاضری نظام کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ ریاست کے طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ بتایاجاتا ہے کہ کالج انتظامیہ کے اجلاس کے دوران عہدیداروں نے بتایا کہ جے این ٹی یو کے تحت موجود تمام 151کالجس میں بائیو میٹرک نظام حاضری کو لازمی قراردیا جائے اور طلبہ سے فی سمسٹر 100 روپئے فیس وصول کی جائے ۔ جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کے ذمہ داروں نے تمام کالجس کو بائیو میٹرک سسٹم کی فراہمی کیلئے تلنگانہ اسٹیٹ ٹکنالوجی سروس سے معاہدہ کیا ہے تاکہ ان مشینوں کی دیکھ بحال کو یقینی بنایاجاسکے۔بتایاجاتا ہے کہ مستقبل میں جن کورسس کی طلب میں اضافہ کا امکان ہے ان نئے کورسس کے آل انڈیا کونسل برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن کی اجازت کے ساتھ آغاز کرنے اور ان کی اجازت فراہم کرنے کے سلسلہ میں بھی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا ہے کہ ملک میں سائبر سیکیوریٹی ‘ آر ٹیفیشل انٹیلیجنس‘ ڈاٹا سائنس نیٹ ورکنگ اور سافٹ وئیر انجنیئرنگ کی طلب میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اسی لئے ان کورسس کے لئے اجازت کی فراہمی پر غور کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے لیکن اے آئی سی ٹی ای کی جانب سے اجازت کی فراہمی ہپر منحصر ہوگی۔جے این ٹی یو سے الحاق کے خواہشمند اداروں سے درخواستوں کی وصولی اور کالجس کے الحاق کی جانچ کے علاوہ کالجس میں موجود انفراسٹرکچر کی جانچ کا عمل جاری ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس عمل کے دوران ان کالجس کے الحاق کو ہی برقرار رکھا جائے گا جن کالجس کی جانب سے جواہرلعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط اور قواعد کی پابندی کی جائے گی اور اس سلسلہ میں کمیٹی جانچ کرے گی۔