انجینئرنگ کالجس میں 10 ہزار نشستوں کا اضافہ ؟

   

مزید 7 ہزار نشستوں پر کورسیس تبدیل کرنے کی منظوری ، ویب آپشن کی مہلت میں 17 جولائی تک توسیع
حیدرآباد 16 جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں انجینئرنگ نشستوں کی تعداد میں زبردست اضافہ کا امکان ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ ان نشستوں کی تعداد 10 ہزار تک ہوسکتی ہے ۔ عہدیداروں نے انجینئرنگ نشستوں میں اضافہ کی اطلاع دی ہے مگر کتنی نشستوں میں اضافہ ہوگا اس کی وضاحت نہیں کی گئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے احکامات کی اجرائی کے بعد ہی پتہ چلے گا کتنی نشستوں میں اضافہ ہوگا ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 10 ہزار نشستوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ نشستوں میں اضافہ کے بعد امیدواروں کے ویب آپشن کے اندراج کی مہلت میں 17 جولائی تک توسیع دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ جاریہ سال ریاست میں 98,296 انجینئرنگ نشستوں کی حکومت نے منظوری دی جن میں اکثریت کمپیوٹر کورسیس کی ہے ۔ تاہم کالج انتظامیہ نے مزید اضافی نشستوں کی منظوری کیلئے حکومت سے اپیل کی ہے ۔ انتظامیہ نے 20 نشستوں میں اضافہ کرنے کی تجاویز پیش کی ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد حکومت سے 10 ہزار نشستوں میں اضافہ کی اطلاعات ہیں ۔ جن نشستوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ان میں اکثریت کمپیوٹر سائنس کورسیس کی ہے ۔ اس مرتبہ بڑے پیمانے پر کورسیس کی تبدیلی بھی ہوئی ہے ۔ کالجس انتظامیہ کی جانب سے مانگ نہ رہنے والے کورسیس سیول اور میکانیکل کورسیس کی نشستوں کو گھٹا کر ڈیمانڈ رہنے والے کمپیوٹر بیسڈ کورسیس کی نشستوں میں اصافہ کرنے کی کالجس سے دلچسپی دکھائی ہے ۔ کورسیس کی تبدیلی کیلئے حکومت کو کثیر درخواستیں ملیں جن کا جائزہ لینے کے بعد 7 ہزار نشستوں کے کورسیس کو تبدیل کرنے منظوری دی گئی ۔ نشستوں میں اضافہ کے بعد حکومت نے ویب آپشن کی میعاد میں 17 جولائی تک توسیع دی ہے ۔ پیر تک ریاست میں 93,167 طلبہ نے آپشن کا اندراج کرایا ہے ۔۔ 2