۔15 تا 20 فیصد رقم کا اضافہ کرنے ریگولیشن کمیٹی کی تجویز سے خانگی انتظامیہ کا اتفاق
حیدرآباد ۔ 29 جون (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے انجینئرنگ کالجوں کی فیس کے مسئلہ پر پائی جانے والی غیریقینی صورتحال کی یکسوئی کیلئے عارضی راہ ہموار ہوئی ہے اور اس طرح انجینئرنگ کالجوں کی فیس رقومات میں اضافہ کرنے ’’ٹی اے ایف آر سی‘‘ (تلنگانہ اڈمیشن فیس ریگولیشن کمیٹی) کی جانب سے موقع فراہم کرتے ہوئے پیش کردہ تجویز سے انجینئرنگ کالج انتظامیوں نے اتفاق کیا۔ انجینئرنگ کالجوں کے فیس مسئلہ پر آج پرائیویٹ انجینئرنگ کالج انتظامیوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں فیس کی موجودہ رقم میں 15 تا 20 فیصد کا اضافہ کرنے کیلئے ’’ٹی اے ایف آر سی‘‘ (TAFRC) نے تجویز پیش کی اور پیش کردہ تجویز کے ذریعہ یہ واضح کیا گیا کہ 50 ہزار سے کم پائی جانے والی فیس کی رقم میں 20 فیصد کا اضافہ کرنے سے ٹی اے ایف آر سی نے اتفاق کیا اور اس کے علاوہ 50 ہزار روپئے سے زائد پائی جانے والی موجودہ فیس کی رقم میں 15 فیصد کا اضافہ کرتے ہوئے تجویز پیش کی گئی تھی۔ اس تجویز سے بھی پرائیویٹ انجینئرنگ کالجس انتظامیوں نے اصولی طور پر اتفاق کیا۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ٹی اے ایف آر سی نے واضح طور پر اس بات کا تیقن دیا کہ آئندہ ایک ماہ میں فیس کی رقم میں قطعی اضافہ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ٹی اے ایف آر سی نے اجلاس کے دوران ایمسیٹ کونسلنگ کیلئے بھرپور تعاون کرنے کی پرائیویٹ انجینئرنگ کالج انتظامیوں سے پزور خواہش کی۔ اسی دوران تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ انجینئرنگ کالج فیس کی رقم میں عبوری اضافہ (یعنی 15 تا 20 فیصد رقم کا اضافہ) کرنے ٹی اے ایف آر سی کی تجویز سے انجینئرنگ کالج انتظامیوں نے اپنی مکمل رضامندی کا اظہار کیا۔ اس طرح انجینئرنگ کالج انتظامیوں کی جانب سے اصولی طور پر مذکورہ عبوری اضافہ (15 تا 20 فیصد کے اضافہ سے) پر اپنی رضامندی کا اظہار کئے جانے کی وجہ سے مجوزہ تلنگانہ ایمسیٹ 2019ء کے انجینئرنگ ویب آپشنس کے عمل کا آغاز کرنے کی راہ ہموار ہوچکی ہے اور یکم ؍ تا 4 جولائی تک انجینئرنگ ویب آپشن کا عمل اعلان کردہ شیڈول کے مطابق شروع ہوگا جبکہ فی الوقت امیدواروں کے تعلیمی صداقتناموں (سرٹیفکیٹس) کی جانچ کا عمل جاری ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ انجینئرنگ کالجوں کی فیس رقومات میں اضافہ کرنے انجینئرنگ کالج انتظامیوں کے مسلسل مطالبہ پر جاری تنازعہ کی وقتیہ حد تک ٹی اے ایف آر سی کی پیش کردہ تجویز سے یکسوئی ممکن ہوسکی اور یکم تا 4 جولائی تک منعقد ہونے والی مجوزہ ویب کونسلنگ کیلئے راہ ہموار ممکن ہوسکی۔
