حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں انجینئرنگ تعلیم کی دوبارہ عظمت رفتہ بحال ہوتے ہوئے دکھائی دے رہی ہے ۔ اچانک انجینئرنگ تعلیم کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ جاریہ سال ٹی ایس ۔ ایمسیٹ کے لیے داخل ہوئی درخواستیں اس کا ثبوت ہے ۔ تازہ حالت کا جائزہ لیا جائے تو انجینئرنگ کورسیس کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے ۔ انٹر کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد طلبہ انجینئرنگ کی تعلیم پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں جس سے اس سال بی ٹیک کا ڈیمانڈ بڑھ گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پیر کی شام 5 بجے تک ایمسیٹ انجینئرنگ کے لیے 1,95,515 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی جب کہ جرمانہ کے ساتھ فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ 2 مئی تک ہے ۔ ایمسیٹ امتحانات میں حصہ لینے کے ساتھ داخلہ لینے والوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے ۔ انجینئرنگ کی ڈیمانڈ گھٹ جانے کے بعد زیادہ تر طلبہ ڈگری کی تعلیم کو ترجیح دے رہے تھے ۔ تاہم دوبارہ انجینئرنگ کا کریز بڑھ کر ڈگری کا کم ہوا ہے ۔ ملک بھر میں سی ایس ای کی 21 فیصد نشستیں صرف ریاست تلنگانہ میں ہے ۔ حالیہ دنوں میں ان نشستوں پر طلبہ زیادہ ترجیح دے رہے ہیں ۔ کیمپس پلیسمنٹس ہورہے ہیں اور کمپنیوں کی جانب سے بہتر پیاکیجس دینے کی وجہ سے ان نشستوں کے ڈیمانڈ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔۔ ن