عنقریب نوٹیفیکیشن کی اجرائی متوقع ، ٹی اے ایف آر سی کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 10 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ریاست میں انجینئرنگ کالجس کی فیس میں اضافہ ہونے والا ہے ۔ آئندہ تعلیمی سال سے اس پر عمل آوری ہوگی ۔ خانگی انجینئرنگ کورسیس کے علاوہ دوسرے پیشہ وارانہ کورسیس کے ٹیوشن فیس میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ فیس میں اضافہ سے متعلق ایک نوٹیفکیشن ہفتہ 10 دن میں جاری ہونے کی توقع ہے ۔ تلنگانہ اڈمیشنس اینڈ فیس ریگولیٹری کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ آئندہ تعلیمی سال 2022-23 تا 2024-25 تعلیمی سال تین سال تک عمل میں رہنے والے فیس کا اس اجلاس میں جائزہ لیا گیا ۔ انجینئرنگ ، بی ایڈ ، بی فارمیسی ، ایم بی اے ، ایم سی اے کورسیس کے فیس کا کمیٹی کی جانب سے تعین کیا گیا ۔ کالجس میں سہولتیں ، فیکلٹی اور دوسرے امور کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے فیس کا تعین کیا ہے ۔ تین سال کے لیے ایک ساتھ فیس میں اضافہ کرنے کا امکان ہے ۔ تلنگانہ ریاست میں پہلی مرتبہ 2016 اس کے بعد 2019 میں خانگی کالجس کے فیس میں اضافہ کیا گیا ۔ سال 2019 میں اضافہ کردہ فیس کی مہلت جاریہ تعلیمی سال ختم ہورہی ہے جس کے پیش نظر آئندہ تین سال کے لیے فیس کا تعین کرنا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کمیٹی نے کورونا بحران کے پیش نظر والدین پر زیادہ بوجھ عائد کئے بغیر فیس میں معمولی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست میں چند کالجس کی جانب سے آرٹیفیشل انٹلی جنس ( اے آئی ) ڈاٹا سائنس ، میننگ کے علاوہ دوسرے کورسیس متعارف کرائے گئے ہیں ۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے پیشہ وارانہ کورسیس کی فیس میں اضافہ کرنے کا اجلاس میں جائزہ لیا گیا ۔ عہدیدار فیس میں اضافہ کرنے کے لیے بہت جلد حکومت کو مکتوب روانہ کریں گے ۔ فیس سے متعلق نوٹیفیکیشن کی اجرائی کے بعد متعلقہ کالجس کی جانب سے اپنی آمدنی کی آڈٹ رپورٹ کمیٹی کو پیش کرنی ہوگی ۔ بعد ازاں ماہرین کی کمیٹی کالجس کا دورہ کرتے ہوئے فیس کے تعین کا قطعی فیصلہ کرے گی ۔۔ ن