انجینئر رشید کی رہائی کیلئے پر امن احتجاج

   

سری نگر۔ 9 اگست (یو این آئی) عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) نے ہفتہ کے روز یہاں سنگر مال کے نزدیک پارٹی کے سربراہ اور رکن پارلیمان انجینئر رشید کی رہائی کے مطالبے کو لے کر پر امن احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور وہ ‘رہا کرو رہا کرو انجینئر کو رہا کرو’ جیسے نعرے لگا رہے تھے ۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی خورشید احمد شیخ جو انجینئر رشید کے بھائی بھی ہیں، نے میڈیا کو بتایا: ‘ہم صرف انجینئر رشید کی رہائی کا ہی نہیں بلکہ جیلوں میں بند ہزاروں نوجوانوں اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انجینئر رشید محض ایک شخص نہیں ہیں بلکہ وہ بارہمولہ کے 18 لاکھ لوگوں کی آواز ہیں لہذا یہ صرف ایک شخص نہیں بلکہ 18 لاکھ لوگوں کی آواز بند ہے ۔ان کا کہنا تھا کہہمارا مطالبہ ہے کہ ان کو رہا کیا جائے تاکہ پارلیمنٹ میں 18 لاکھ لوگوں کی آواز کو سنا جا سکے ۔