اندراماں اسکیم کے استفادہ کنندگان فوری اپنے گھروں کی تعمیر شروع کریں

   

کاماریڈی میونسپل حدود میں اب تک 708 مکانات منظور: ضلع کلکٹر

کاماریڈی ۔ 23 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر کاماریڈی مسٹر آشش سنگوان نے کہا کہ اندرامّا اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان کو فوری طور پر اپنے گھروں کے تعمیری کاموں کا آغاز کریں۔آج ضلع کلکٹرآشیش سنگوان نے کاماریڈی شہر کی حدود میں شامل لنگاپور کی غریب خاتون کنٹلا ونود کو حکومت کی جانب سے منظور شدہ اندرامّا مکان کاسنگ بنیاد رکھا اور تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا۔اس موقع پر کلکٹر مسٹر آشیس سنگوان نے کہا کہ منظور شدہ مکانات کی تعمیر کو جلد مکمل کرتے ہوئے حکومت سے مکمل فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ کاماریڈی میونسپل حدود میں اب تک 708 مکانات منظور کیے گئے ہیں جن میں سے 74 مکانات کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ضلع بھر میں دو مراحل میں مجموعی طور پر 11,153 مکانات منظور کیے گئے ہیں۔ جن میں کاماریڈی حلقہ میں 3206، یلارڈی حلقہ میں 3496، جوکل حلقہ میں 3019 اور بانسواڑاہ حلقہ میں 1432 مکانات شامل ہیں۔ ان میں سے 2250 استفادہ کنندگان نے تعمیراتی عمل شروع کیا ہے اور کئی مکانات مختلف مراحل میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 127 مکانات کی تعمیر بیسمنٹ سطح تک پہنچی ہے جن میں سے 75 استفادہ کنندگان کو حکومت کی جانب سے پہلے مرحلہ میں فی کس ایک لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ تین افراد نے لینٹل لیول تک تعمیر مکمل کی ہے اور انہیں بھی فی کس ایک لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ ضلع کلکٹر مسٹر آشیس سنگوان نے مزید بتایا کہ حکومت ہر پیر کے روز مکانات کی تعمیر کے مختلف مراحل کے مطابق قسط وار رقم جاری کر رہی ہے۔ انہوں نے غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ اس حکومتی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مکانات کی تعمیر کے لیے آگے آئیں۔اس پروگرام میں میونسپل کمشنر راجندر ریڈی، ہاؤسنگ پروجیکٹ ڈائریکٹر وجے پال ریڈی، وارڈ آفیسر، ہاؤسنگ انجینئرز، استفادہ کنندگان اور کالونی کے مکنی شریک بھی موجود تھے۔