اندراماں اندلواسکیم ، پہلے مرحلہ میں 4 لاکھ 50 ہزار افراد کو منتخب کرنے کمیٹیوں کی تشکیل

   

پانچ لاکھ روپیوں تک کی اجرائی ، حکومت سے احکامات کی اجرائی
حیدرآباد۔11۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے پہلے مرحلہ میں 4لاکھ 50 ہزار استفادہ کنندگان کے انتخاب اور انہیں ’اندراماں اندلو‘ اسکیم کے تحت 5لاکھ روپئے کی اجرائی کے لئے کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لانے کے سلسلہ میں احکام جاری کردیئے ہیں اور اس سلسلہ میں جاری کردہ جی او ایم ایس نمبر 33 میں اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ 12 اکٹوبر کی شام تک ان کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لانے کے اقدامات کئے جائیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کے مطابق ایک کمیٹی میں 7 اراکین شامل ہوں گے اور گرام پنچایت کے علاوہ بلدی وارڈ کے اساس پر ان کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ جی او کے مطابق گرام پنچایت سطح کی کمیٹی میں سرپنچ یا گرام پنچایت او ایس ڈی کو صدرنشین بنایا جائے گا جبکہ بلدی وارڈ کے اساس پر تشکیل دی جانے والی کمیٹی میں کونسلر یا کارپوریٹر اس کمیٹی کا صدرنشین ہوگا۔ کمیٹی میں ایس سی ‘ ایس ٹی اور بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک رکن کو لازمی رکھا جائے گا جبکہ سیلف ہیلپ گروپ سے تعلق رکھنے والی 2خواتین کو اس کمیٹی میں بطور رکن شامل کیا جائے گاعلاوہ ازیں 3 مقامی افراد کو جو ترقیاتی کاموں میں دلچسپی رکھتے ہیں یا غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ کام کرتے ہیں انہیں شامل کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے جی او کے مطابق ان کمیٹیوں کی جانب سے درخواستوں کی تنقیح اور استفادہ کنندگان کا انتخاب شفاف طریقہ سے کیا جائے گا ۔ پنچایت میں پنچایت سیکریٹری اور بلدیہ میں وارڈ آفیسر ان کمیٹیوں کے کنوینر ہوں گے۔3