اندراماں اندلو اور جامع سروے کے جی او میں لفظ اقلیت ندارد

   

مسئلہ کا جائزہ لینے اور لفظ اقلیت کی شمولیت کیلئے چیف منسٹر کو عامر علی خاں کا مکتوب

حیدرآباد۔17۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے اندراماں اندلو اور جامع سروے کے سلسلہ میں جاری کئے جانے والے 2 جی اوز میں لفظ اقلیت نہ ہونے پر جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انہیں اس مسئلہ کا جائزہ لینے اور لفظ اقلیت کی شمولیت کے سلسلہ میں احکام جاری کرنے کی خواہش کی ۔ جناب عامر علی خان نے چیف منسٹر کو روانہ کردہ مکتوب میں کہا کہ جی او ایم ایس 18 جو کہ محکمہ منصوبہ بندی کو دی گئی جامع سروے کی ذمہ داری کے سلسلہ میں جاری کردہ جی او میں بھی لفظ اقلیت کا تذکرہ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کانگریس حکومت ہمیشہ ہی تمام طبقات کی شراکت داری کے ساتھ کام کرتی رہی ہے اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے معاملہ میں سنجیدہ رہی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ تمام طبقات کی یکساں ترقی اور بہبود کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ان سرکاری احکامات میں لفظ اقلیت کی شمولیت کے احکامات جاری کریں۔ جناب عامر علی خان نے مکتوب میں بتایا کہ دستور ہند میں تمام طبقات کو یکساں حقوق کی ضمانت دی گئی ہے اسی لئے ان جی اوز میں ترمیم کے ذریعہ تمام طبقات کے مساوی اقلیتوں کو شامل کئے جانے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔3