اندراماں سروے کو 3 جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت

   

کاماریڈی میں جائزہ اجلاس،ضلع کلکٹر کا خطاب ، قلت آب سے بچنے منصوبہ بندی پر زور
کاماریڈی:29/ دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر آشیش سنگوان نے اندراما مکانات کے سروے کے کام کو تیز، معیاری اور مکمل کرنے کی ہدایت دی۔کلکٹریٹ کے میٹنگ ہال میں صاف صفائی، پینے کے پانی، ہاؤس ٹیکس وصولی، سی سی چارجز، ٹریکٹر کی ماہانہ اقساط کی ادائیگی، کھاد بنانے، عمارتوں کی تعمیر کی اجازت، ونامہوتسو، مہاتما گاندھی روزگار گارنٹی اسکیم، خواتین کی ترقی اور دیگر امور پر ایم پی ڈی اوز، ایم پی اوز، مشن بھگیرتا کے انجینئرز اور دیہی ترقیاتی کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور اس موقع پرضلع کلکٹر آشیش سنگوان نے کہا کہ اندراما مکانات کے سروے کا کام ضلع میں جاری ہے اور 3؍ جنوری تک سروے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 2,38,682 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 1,39,194 کا سروے مکمل ہو چکا ہے، جو 62 فیصد بنتا ہے۔ کلکٹر نے ہدایت دی کہ دیہی علاقوں میں صفائی ستھرا کے کام مسلسل جاری رہے گا نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے اور مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لیے اسپرے کیا جائے، انہوں نے گرمی کے موسم میں پینے کے پانی کی قلت سے بچنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کرنے کی خواہش کی اور مشن بھگیرتا کے ذریعے پانی کی فراہمی کے دوران لیکیج ہونے کی صورت میں فوری درست کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر نے ہاؤس ٹیکس اور دیگر چارجز جنوری تک صد فیصد وصول کرنے کی ہدایت دی اور گھریلو کچرے کو جمع کر کے کھاد بنانے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں تعمیراتی اجازت نامے اور لے آؤٹ کو جلد از جلد نمٹا جائے۔ کلکٹر نے ونامہوتسو پروگرام کے تحت بیج لگانے اور مہاتما گاندھی روزگار گارنٹی اسکیم کے تحت 100 دن کے کام فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے خواتین کی ترقی کے پروگراموں، بینک قرضوں کی منظوری اور وصولی پر زور دیا اور دیہی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹرز وی وکٹر، سرینواس ریڈی، زیڈ پی سی ای او چندر، ضلع دیہی ترقیاتی آفیسر سریندر، مشن بھگیرتا، ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ عہدیدار کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔