حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ہاؤزنگ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر گوتم نے بتایا کہ اندراماں مکانات کی تعمیرات کے لئے 6 ماہ کے دوران استفادہ کنندگان کو 2500 کروڑ روپئے ادا کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کا جاریہ سال جنوری میں آغاز کیا گیا اور مئی تک تعمیری کاموں شروع کئے گئے۔ صرف 6 مہینے کے دوران بیسمنٹ کی تعمیر کے لئے 1519 کروڑ ، دیواروں کی تعمیر کیلئے 561 کروڑ ، سلاب ڈالنے کیلئے 444 کروڑ روپئے ادا کئے گئے۔ گوتم نے کہا کہ ابھی تک 2.25 لاکھ مکانات کی تعمیر کا آغاز ہوگیا۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر پیر کو اندراماں مکانات کیلئے فنڈس جاری کئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور ریاستی وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی مکانات کے تعمیری کاموں پر خصوصی نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے 11000 گاؤں اور میونسپلٹی میں مکانات کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے ۔ تاحال 29000 مکانات کے سلابس مکمل ہوئے ہیں ۔ ایک مکان کی تعمیر کیلئے 10 سے 20 افراد کو روزگار حاصل ہورہا ہے۔ کال سنٹرس کو ماضی میں روزانہ 5000 شکایتیں وصول ہوتی تھیں ، اب یہ گھٹ کر 2500 ہوگئی ہیں۔ اضلاع میں ریت کی قلت کی شکایتیں وصول ہورہی ہیں ، بہت جلد اس مسئلہ کا حل دریافت کیا جائے گا۔2