اندراماں ہاؤزنگ اور بھو بھارتی پر وزیر مال کا ضلع کلکٹرس کے ساتھ جائزہ اجلاس

   

استفادہ کنندگان کا انتخاب شفافیت سے کیا جائے، 8 اضلاع کے کلکٹرس کی شرکت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر پی سرینواس ریڈی نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ اندراماں ہاؤزنگ اور بھو بھارتی پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں اور اسکیمات کے فوائد ہر مستحق خاندان تک پہنچائے جائیں۔ وزیر مال نے 8 اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ سکریٹریٹ میں اجلاس منعقد کیا جس میں بھو بھارتی قانون پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ قانون کے تحت کسانوں اور عوام کے اراضیات پر حقوق بحال کئے جائیں گے ۔ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت مستحق غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے امداد کی اجرائی کی پیشرفت کا ریاستی وزیر نے جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسکیمات کے فوائد کو مستحقین تک پہنچائیں۔ اسکیمات پر شفافیت کے ساتھ عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھو بھارتی اور اندراماں ہاؤزنگ اسکیمات کامیاب عمل آوری سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ اضلاع نرمل ، نارائن پیٹ ، گدوال ، ملگ ، بھوپال پلی، کتہ گوڑم ، منچریال اور ونپرتی اضلاع کے کلکٹرس نے اجلاس میں شرکت کی۔ کانگریس حکومت نے انتخابی وعدہ کے طور پر اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کا وعدہ کیا تھا اور ریاست بھر میں اسکیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھو بھارتی قانون کے نفاذ کا مقصد سابق دور حکومت میں اراضی معاملات میں بے قاعدگیوں کا تدارک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو سدسو میں موصولہ درخواستوں کی یکسوئی کی ہدایت دی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ کے استفادہ کنندگان کے انتخاب اور امدادی رقم کی اجرائی میں شفافیت برقرار رکھا جائے۔ مکانات کی تعمیر کیلئے ریت مفت سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری اشیاء کی قیمتوں کو باقاعدہ بنانے کیلئے عنقریب ضلع واری سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔1