اندراماں ہاؤزنگ کال سنٹر کا افتتاح، ریاستی وزیر کی عوام سے فون پر بات چیت

   

شہری علاقوں میں مکانات پر عنقریب فیصلہ، پی سرینواس ریڈی سے مختلف کالرس کا ربط
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر مال اور ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے آج حیدرآباد میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے کال سنٹر کا افتتاح کیا اور استفادہ کنندگان سے فون پر بات چیت کی ۔ حکومت نے اندراماں ہاؤزنگ کے لئے ٹول فری نمبر 18005995991 کے تحت کال سنٹر قائم کیا ہے ۔ وزیر ہاؤزنگ نے کال سنٹر کو موصول ہونے والے کالس پر عوام سے بات چیت کی اور ان کے سوالات کا جواب دیا۔ سرینواس ریڈی نے کالرس کو ریاستی وزیر کی حیثیت سے اپنا تعارف کراتے ہوئے پوچھا کہ ان کے مسائل کیا ہیں۔ ایک فون کالر نے بتایا کہ وہ ونپرتی ضلع کے خانہ پور منڈل سے تعلق رکھتا ہے ۔ مکان کی تعمیر بیسمنٹ تک مکمل ہوچکی ہے ۔ حکومت کی جانب سے بلز ادا نہیں کئے گئے۔ ریاستی وزیر نے پوچھا کہ بیسمنٹ کی تکمیل سے متعلق فوٹو کیا اپ لوڈ کی گئی جس پر کالر نے بتایا کہ وہ تصویر کو اپ لوڈ کرچکا ہے۔ ریاستی وزیر نے کالر کا آدھار نمبر حاصل کیا اور کمپیوٹر میں اپ لوڈ کرتے ہوئے بتایا کہ بل اگزیکیٹیو انجنیئر کے پاس موجود ہے۔ آئندہ پیر تک انہیں ایک روپئے کا بل موصول ہوجائے گا۔ حیدرآباد سے ایک کالر نے شہری علاقوں میں مکانات کی فراہمی کے بارے میں سوال کیا جس پر ریاستی وزیر نے کہا کہ حیدرآباد میں مکانات کی تعمیر میں کسی قدر تاخیر ہورہی ہے۔ حکومت عنقریب شہری علاقوں میں مستحق خاندانوں کو مکانات کی فراہمی کا فیصلہ کرے گی۔ کال سنٹر ہاؤزنگ کارپوریشن کے دفتر میں قائم کیا گیا ہے اور افتتاح کے فوری بعد کئی اضلاع سے عوام نے ربط قائم کیا۔ کال سنٹر روزانہ صبح 7 بجے تا 8 بجے تک کارکرد رہے گا۔ استفادہ کنندگان اپنا فون نمبر اور آدھار نمبر درج کراتے ہوئے معلومات حاصل کرسکتے ہیں ۔ وزیر ہاؤزنگ نے مینجنگ ڈائرکٹر ہاؤزنگ کارپوریشن وی پی گوتم کو ہدایت دی کہ وہ کال سنٹر کی بہتر کارکردگی کو یقینی بنائیں۔1