اندراماں ہاؤزنگ کیلئے رقم کا مطالبہ کرنے پر چار ملازمین معطل

   

وزیر امکنہ سرینواس ریڈی کا جائزہ اجلاس، کمیٹی کے ارکان کے خلاف کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر امکنہ سرینواس ریڈی نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے لئے رشوت کا مطالبہ کرنے والے عہدیداروں اور اندراماں کمیٹی ارکان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 4 عہدیداروں کو معطل کردیا گیا ہے ۔ 10 ہزار روپئے کا مطالبہ کرنے والے اندراماں کمیٹی کے ارکان کو برطرف کردیا گیا جبکہ 30 ہزار کا مطالبہ کرنے کے مسئلہ پر عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ وزیر امکنہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اندراماں ہاؤزنگ کے لئے رقم کا مطالبہ کرنے پر ٹول فری نمبر 18005995991 سے شکایت کریں۔ اندرون 24 گھنٹے خاطیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ اندراماں ہاؤزنگ کے لئے کسی کو رقم حوالے نہ کریں۔ سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کال سنٹر کو موصول ہونے والی شکایتوں پر فوری کارروائی کریں۔ وزیر امکنہ نے عہدیداروں خاص طور پر ریونیو اور ہاؤزنگ کو انتباہ دیا کہ وہ استفادہ کنندگان سے رقومات کا مطالبہ نہ کریں۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ کرپشن کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ سکریٹریٹ میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے رقومات کا مطالبہ کرنے والے اندراماں کمیٹی کے ارکان کو فوری برطرف کرتے ہوئے کریمنل کیس درج کیا جائے۔ سوریا پیٹ ضلع میں رقم کا مطالبہ کرنے پر کمیٹی کے ایک رکن کو برطرف کردیا گیا ۔ جنگاؤں ضلع میں 30 ہزار روپئے کا مطالبہ کرنے والے گرام پنچایت سکریٹری کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ، جگتیال ، کتہ گوڑم اور عادل آباد اضلاع میں غیر مستحقین چار افراد کے اکاؤنٹ میں رقومات کی منتقلی پر گرام پنچایت سکریٹری کو معطل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم پر شفافیت کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دسہرہ سے قبل استفادہ کنندگان کے اکاونٹس میں رقومات منتقل کردی جائیں گی۔1