پیشرفت کا چیف منسٹر نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ، غیر مستحقین کے انتخاب پر کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد۔/13 اپریل،( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اندراماں ہاوزنگ اسکیم سے انتہائی غریب اور مستحق افراد کو استفادہ یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے اندراماں ہاوزنگ اسکیم پر عمل آوری کی پیش رفت کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں کمیٹیوں کو چاہیئے کہ وہ مواضعات کی سطح پر استفادہ کنندگان کے انتخاب کی ذمہ داری قبول کریں اور شفافیت کے ساتھ استفادہ کنندگان کا سلیکشن کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ منڈل سطح کے عہدیداروں، تحصیلدار، ایم ڈی او اور انجینئرس کو چاہیئے کہ وہ اندراماں کمیٹی کی جانب سے تیار کی گئی فہرست کا فیلڈ انسپکشن کے ذریعہ جائزہ لیں تاکہ کوئی غیرمستحق فہرست میں شامل نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منڈل سطح کے عہدیداروں کو چاہیئے کہ وہ درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے انتہائی غریب خاندانوں کو ترجیح دیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سلیکشن کے کام کی نگرانی کریں اور اس معاملہ میں کسی بھی بے قاعدگی کو برداشت نہ کیا جائے۔ چیف منسٹر نے انتباہ دیا کہ اندراماں ہاوزنگ اسکیم سے الاٹمنٹ کے نام پر بھاری رقومات وصول کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور مقدمات درج کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی غیر مستحق شخص کو مکان الاٹ کیا گیا اور اس نے تعمیر کیا تب بھی اس کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مکان حاصل کرلیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اندراماں ہاوزنگ کے استفادہ کنندگان کو منظورہ مکان سے 50 فیصد زائد کی تعمیر کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ سمنٹ اور اسٹیل کے علاوہ دیگر تعمیری اشیاء رعایتی شرح پر سربراہ کی جائیں۔ وزیر ہاوزنگ پی سرینواس ریڈی نے چیف منسٹر کو اسکیم کے مختلف مراحل سے واقف کرایا اور کہا کہ استفادہ کنندگان کو تعمیری کاموں کیلئے پیشرفت کی بنیاد پر امدادی رقم جاری کی جائے گی۔ حکومت نے اراضی رکھنے والے غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت عمل آوری کی جائے گی۔ جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر آفس کے پرنسپل سکریٹریز وی شیشادری، چندر شیکھر ریڈی، چیف منسٹر کے جائنٹ سکریٹری سنگیتا ست نارائنا، چیف منسٹر کے او ایس ڈی وی سرینواسلو، سکریٹری ہاوزنگ گوپی بدھا پرکاش اور دوسروں نے شرکت کی۔ 1
