اندراماں ہاوزنگ :22 ہزار کروڑ سے 6.5 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ

   

فلاحی اسکیمات حکومت کی اولین ترجیح، بھٹی وکرامارکا نے وزراء کے ساتھ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ترقی کے ساتھ فلاحی پروگراموں پر توجہ مرکوز کرچکی ہے اور انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا نے آج نلگنڈہ میں ریاستی وزراء وی سری ہری، ٹی ناگیشور راؤ، پی سرینواس ریڈی اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اضلاع کھمم اور کتہ گوڑم میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائیلی علاقوں میں حکومت اراضیات پر قبائیلی طبقات کو جو حقوق فراہم کئے ہیں ان میں محکمہ جنگلات کی کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قبائیلی کسانوں کو سولار پمپ سٹس فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 20 ہزار کروڑ سے روڈ انفرااسٹرکچر بہتر بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈس پر غریبوں کو باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے اور 200 یونٹ مفت برقی سربراہی سے 50 لاکھ سے زائد خاندان استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں 85 فیصد غریب خاندان مفت برقی سربراہی اسکیم سے استفادہ کررہے ہیں۔ آروگیہ شری اسکیم کے تحت مفت علاج کی حد کو 5 سے بڑھا کر 10 لاکھ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کو راشن کارڈس کی تقسیم کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی اسکیم کے تحت تاحال 200 کروڑ زیرو ٹکٹ جاری کئے گئے۔ حکومت نے آر ٹی سی کو 6880 کروڑ معاوضہ ادا کیا ہے۔ اندراماں ہاوزنگ کے تحت پہلے مرحلہ میں 6.5 لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے اور ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 مکانات منظور کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر پر 22500 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ بھٹی وکرامارکا نے واضح کیا کہ کوئی بھی غریب خاندان اسکیمات سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے شدید بارش کے پیش نظر بچاؤ اور امدادی کاموں کی نگرانی کرنے کا ضلع کلکٹرس کو مشورہ دیا۔ 1