اندرانوئی کو ورلڈ بینک کی سربراہ مقرر کئے جانے کا امکان

,

   

’پیپسی کو ‘کی سابق سی ای او کو امریکہ کی دختراول ایوانکا ٹرمپ کی تائید

نئی دہلی ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نژاد اندرا نوئی کے بارے میں کہا جارہا ہیکہ انہیں عالمی بینک کی صدرنشین بنایا جانے والا ہے۔ امریکہ کے ایک مؤقر روزنامہ میں اس تعلق سے ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں مختلف ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا گیا کہ وائیٹ ہاؤز ورلڈ بینک کے اس باوقار عہدہ پر پیپسی کو کی سابق چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کو فائز کرنے پر غور کرہا ہے۔ اس سلسلہ میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ کہا جاتا ہیکہ کافی دلچسپی لے رہی ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ 63 سالہ اندرانوئی کو ہی عالمی بینک کی صدرنشین بنایا جائے۔ یہاں اسبات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ اندرانوئی نے پیپسی کو کی چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کی حیثیت سے کمپنی کو نقطہ عروج پر پہنچایا تھا اور زائد از 12 برسوں تک پیپسی کو PEPSI CO کی قیادت کے بعد گذشتہ سال اگست میں اس عہدہ سے سبکدوشی اختیار کرلی تھی۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بڑی دختر ایوانکا ٹرمپ ورلڈ بینک کے سربراہ کو نامزد کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں اس انتخاب سے جڑی کئی شخصیتوں کے حوالے بھی دیئے گئے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا اس باوقار عہدہ کیلئے وائیٹ ہاؤز کی جانب سے اپنی نامزدگی کو اندرانوئی قبول بھی کریں گی یا نہیں۔ امریکہ کی دختر اوال ایوانکا ٹرمپ کے بارے میں کہا جاتا ہیکہ وہ اندرانوئی کی صلاحیتوں سے کافی متاثر ہیں۔ انہوں نے حالیہ عرصہ کے دوران ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اندرانوئی کو اتالیق اور ایسی شخصیت تصور کرتی ہیں جس سے دوسروں کو ایک نیا فرم و حوصلہ حاصل ہوتا ہے۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک کے موجودہ سربراہ جم یانگ کم نے جاریہ ماہ کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ وہ ایک خانگی انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ فرم میں شمولیت کیلئے اپنے عہدہ سے فبروری میں مستعفی ہوجائیں گے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ اپنی میعاد سے تین سال قبل ہی عہدہ کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں مزید بتایا کہ مسٹر کم کے جانشین کے انتخاب کا کام امریکی وزیرخزانہ اسٹیون منوشین، کارگذار چیف آف اسٹاف مک ملوانی اور ایوانکا ٹرمپ جیسی شخصیتیں دیکھ رہی ہیں۔ یہ گروپ اس باوقار عہدہ کیلئے کسی شخصیت کو نامزد کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں انٹرویوز کے بعد اپنی سفارشات صدر ٹرمپ کو پیش کرے گا۔ واضح رہیکہ اندرانوئی کو ٹرمپ کی بزنس کونسل میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2016ء کے انتخابات کے بعد مس نوئی نے منفی تبصرے کئے تھے ہوسکتا ہیکہ وہ تبصرے ورلڈ بینک کی صدارت پر فائز ہونے میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد نیویارک ٹائمز کی ڈیل بک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوئی نے کہا تھا کہ اب ہمارے ملازمین رو رہے ہیں اور وہ ملازمین اپنی سیفٹی کے بارے میں سوال کررہے ہیں جو سفیدفام نہیں ہیں۔ ان لوگوں کا سوال ہیکہ آیا ہم محفوظ ہیں؟ خواتین اور ایل جی بی ٹی لوگ بھی یہی سوال کرنے لگے ہیں۔ آپ کوبتادیں کہ اندرانوئی کا حقیقی نام اندرا کرشنا نوئی مورتی ہے ار 28 اکٹوبر 1955ء میں ان کی پیدائش ہوئی۔ پیپسی کو کی چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کی حیثیت سے وہ سالانہ 29.8 ملین ڈالرس تنخواہ حاصل کرتی رہی۔ 1994ء میں انہوں نے پیپسی کو میں شمولیت اختیار کی۔ 2001ء میں سی ایف او اور 2006ء میں سی ای او مقرر کی گئیں۔ ان کے شوہر راج کے نوئی Amsoft سسٹمس کے صدر ہیں نوئی دو بیٹیوں کی ماں ہیں۔