اندراولی جلسہ عام کی کامیابی پر کانگریس میں مسرت کی لہر

   

ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز، رکن اسمبلی سیتکا کا دعویٰ

حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے عادل آباد کے اندراولی میں دلت گریجن آتما گوروا دنڈورا کی کامیابی پر عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں اور گریجن طبقہ نے کانگریس کے ساتھ اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے جلسہ عام کی کامیابی کیلئے رکن اسمبلی سیتکا اور سابق ایم ایل سی پریم ساگر راؤ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر حکومت سے عوام کو نجات دلانے کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ ریونت ریڈی نے صدر ضلع کانگریس اور ضلع سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے بھی اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 18 اگسٹ کو ابراہیم پٹنم ضلع رنگاریڈی میں دلت اور گریجن طبقات کا دوسرا جلسہ عام منعقد ہوگا۔ اسی دوران رکن اسمبلی سیتکا اور سابق مرکزی وزیر بلرام نائیک نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اندراولی جلسہ عام کی کامیابی سے ٹی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین کو صرف الیکشن کے وقت عوام کی بھلائی کا خیال آتا ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کانگریس دلتوں اور گریجنوں کیلئے مزید جلسے منعقد کرے گی۔ چیف منسٹر کو فارم ہاوز سے نکلنے کی فرصت نہیں ہے اور وہ عوامی مسائل سے کس طرح واقف ہوں گے۔ بلرام نائیک نے کہا کہ اندراولی جلسہ عام کی کامیابی تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے زوال اور کانگریس کے دوبارہ برسراقتدار آنے کا واضح اشارہ ہے۔