اندرا ماں ہاوزنگ کے تحت مکان کی منظوری

   

حیدرآباد۔3۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز) سیلاب کے پانی کے بہاؤ کا شکار ہونے والی نوجوان سائنسداں ڈاکٹر این اشونی اور ان کے والد موتی لعل کے افرادخاندان سے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تعزیت پیش کی اور اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کو اس خاندان سے ملاقات کے دوران جب اس بات کا علم ہواکہ متوفی ڈاکٹر اشونی کے خاندان کے پاس کوئی ذاتی مکان نہیں ہے تو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے فوری طور اس خاندان کو ’اندراماں ‘ ہاؤزنگ کے تحت ایک مکان کی منظوری کے احکا م جاری کئے ۔ ڈاکٹر این اشونی اپنے والد کے ساتھ کھمم سے حیدرآباد کے لئے روانہ ہوئی تھیں اور راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے ذریعہ رائے پورمیں منعقد ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کے لئے جانے والے تھی لیکن راستہ میں سیلاب کے پانی کے بہاؤ کے ساتھ وہ اور ان کے والد بہہ گئے جس کے نتیجہ میں دونوں کی موت واقع ہوگئی تھی۔ چیف منسٹر نے آج اس خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے نقصان پر اپنے گہرے صدمہ کا اظہار کیا ۔چیف منسٹر نے اس موقع پر موجود عہدیداروںکو ہدایت دی کہ وہ متوفی ڈاکٹر اشونی کے بھائی کو سرکاری ملازمت کی فراہمی کا جائزہ لیں تاکہ اس خاندان کو ایک سرکاری ملازمت فراہم کرتے ہوئے معاشی طور پر مستحکم بنایا جاسکے ۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت نے انسانی جانوں کے نقصان پر ایکس گریشیاء کے علاوہ زرعی نقصانات اور مویشیوں کے نقصانات پر بھی معاوضہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اسی طرح حکومت کی جانب سے سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے نقصانات کی پابجائی کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔3