اندرا پارک میں غیر شادی شدہ جوڑوں کے داخلہ پر پابندی برخواست

   

سوشیل میڈیا میں عوام کی برہمی، چند گھنٹوں میںفیصلہ واپس ‘ زونل کمشنر سکندرآباد کی معذرت خواہی
حیدرآباد۔/26 اگسٹ، ( سیاست نیوز) اندرا پارک شہر کا وہ پارک ہے جو کافی بدنام رہا ہے۔ اس کے باوجود وہاں ہر روز چہل قدمی کرنے والوں کی کثیر تعداد پہنچتی ہے جبکہ غیر شادی شدہ جوڑے بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ ہندوستان کی یہ خوبی ہے کہ یہاں آج بھی شرم و حیاء کو کافی اہمیت ہے لیکن اندرا پارک میں انتظامیہ اس بات پر فکر مند تھا کہ غیر شادی شدہ جوڑے پارک میں سیروتفریح کے بہانے غیر اخلاقی حرکتوں میں ملوث ہورہے ہیں۔ چنانچہ انتظامیہ نے غیر شادی شدہ جوڑے کے داخلہ پر پابندی عائد کردی تاہم یہ پابندی صرف چند گھنٹوں میں ختم کردی گئی۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ عوام بالخصوص غیر شادی شدہ جوڑوں نے اس کی مذمت کی ۔ انتظامیہ کے فیصلہ کو غیر اخلاقی پولیسنگ اور غیر دستوری قرار دیا۔ سوشیل میڈیا پر بھی کئی طنز و طعنوں کے تیر برسائے گئے جس میں ایک پجاری کو دکھایا گیا جو ایک جوڑے کو بتارہا ہے کہ آپ دونوں میاں بیوی ہیں اور پارک میں داخل ہوسکتے ہیں۔ اس طرح ایک اور طنز میںدکھایا گیا کہ ایک بنڈی راں پارک میں داخلہ کیلئے 50 روپئے میں میاریج سرٹیفکیٹ فروخت کررہا ہے۔ پارک انتظامیہ نے ایک بورڈ آویزاں کیا تھا جس پر لکھا تھا ’غیر شادی شدہ جوڑوں کیلئے داخلہ ممنوع ہے ‘ ۔ سوشیل میڈیا پر اس کا بھی مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا گیا کہ یہ انتہائی گری ہوئی حرکت ہے۔ ایک شخص نے سوشیل میڈیا پر لکھا کہ پارک میں قانون پر عمل کرنے والے ہر شہری بشمول اپنی مرضی سے آنے والے غیر شادی شدہ جوڑے کو داخلے کی اجازت ہے۔ اس نے سوال کیا کہ پارک میں داخلہ کیلئے شادی کو کیسے کسوٹی بنایا جاسکتا ہے۔ ایسے پیغامات کے ساتھ ہی زونل کمشنر سکندرآباد نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے معذرت خواہی کی اور بلدیہ کے اربن بائیو ڈائیورسٹی ڈیویژن نے پوسٹرس اور بورڈ کو نکال دیا۔ ساتھ ہی پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ پارک کے ماحول کو پُرامن رکھنے کیلئے چوکنا رہے۔ N