اندرا پارک پر خواتین کے احتجاجی دھرنے کی اجازت دینے پولیس کا انکار

   

پولیس کے رویہ کے خلاف اظہار برہمی ، آج ہر مسجد کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد سٹی پولیس نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی درخواست کو مسترد کردیا ۔ اور اندرا پارک پر ایک روزہ خواتین کے احتجاجی دھرنا کو اجازت دینے سے انکار کردیا جو کل 16 فروری کو اندرا پارک پر منعقد کیا جانے والا تھا ۔ سٹی پولیس کے اس اقدام پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی اپنے احتجاج کو جاری رکھے گی ۔ اس خصوص میں کنوینر مسٹر مشتاق ملک نے سٹی پولیس کمشنر پر الزام لگایا کہ وہ احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے جانبدارانہ رویہ اپنا رہے ہیں جب کہ معزز ہائی کورٹ نے خود جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی درخواست پر کمشنر پولیس کو ہدایت دی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی ایسی حرکتوں سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے حوصلے پست نہیں ہوں گے بلکہ احتجاج جاری رہے گا اور انہوں نے سٹی پولیس کو حالات کا ذمہ دار قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج پولیس کے عہدیدار اعظم پورہ پر واقع جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے دفتر پہونچے اور ایک بند لفافہ تھمادیا ۔ جس میں صاف طور پر احتجاجی دھرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ احتجاج جاری رہے گا ۔ اسی دوران پولیس کے رویہ کے خلاف بطور احتجاج کل شہر کی ہر مسجد کے باہر بعد نماز ظہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔