اندرون ایک ہفتہ حیدرآباد کے گاندھی اسپتال میں مزید 300بستر دستیاب رہیں گے :کشن ریڈی

   

حیدرآباد۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے گاندھی اسپتال کا معائنہ کیا جس کو شہر حیدرآباد میں کوویڈ کے علاج کا مرکز بنایاگیا ہے ۔ انہوں نے دو نئے آکسیجن پلانٹس کا معائنہ بھی کیا۔ہر ایک کی ایک ہزار لیٹرس کی گنجائش ہے اور اس کو اسپانسر پی ایم کیرفنڈس کے ذریعہ کیاگیا ہے ۔مسٹرریڈی نے 110سالہ رامانند تیرتھ کی صحت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جو حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے کوویڈ کے مرکز گاندھی اسپتال میں کورونا سے صحت یاب ہوئے ۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ تیرتھ،ڈاکٹرس اور اسپتال کے اسٹاف کے ذہنی عزم کی وجہ سے کورونا سے صحت یاب ہوئے ۔انہوں نے ڈاکٹرس پر زور دیا کہ اسپتال میں زیرعلاج مریضوں میں خود اعتمادی پیداکریں۔انہوں نے کہا کہ مرکز تلنگانہ کے ہر ضلع کے اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس قائم کرے گا۔مسٹرریڈی نے کہا کہ اندرون ایک ہفتہ گاندھی اسپتال میں مزید 300بستر دستیاب رہیں گے ۔موجودہ طورپر اس اسپتال میں 1200 بستر ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو پر زور دیا کہ وہ جنگی خطوط پر تمام سرکاری اسپتالوں میں مناسب اسٹاف کا تقرر کریں ۔ٹکنیشنس کی عدم تقرری کی وجہ سے ونٹی لیٹرس کا استعمال نہیں کیاجارہا ہے ۔تقریبا 50ونٹی لیٹرس ایم جی ایم اسپتال میں استعمال نہیں کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جونیر ڈاکٹرس کی ہڑتال کا یہ موزوں وقت نہیں ہے ۔تبادلہ خیال کے ذریعہ مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے ۔وزیر موصوف نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس) کے جونیر ڈاکٹرس اور ان کے ارکان خاندان کو علاج کی سہولت فراہم کرے ۔