ایچ ایم ڈی اے سے معیاری سہولتوں کی فراہمی پر عوام کی ترجیحات
حیدرآباد۔24جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں اندرون دو برس جائیدادوں کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور کہا جار ہا ہے کہ آئندہ دنو ںمیںشہر کے نواحی علاقوں کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے نواحی و مضافاتی علاقوں میں اراضیات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کے ساتھ ہی شہری حدود میں موجود جائیدادوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے او رعلاقہ میں موجود سہولتوں کو دیکھتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ مادھا پور اور گچی باؤلی سے نارسنگی اور دیگر علاقوں تک شہر کی وسعت اور حکومت کی جانب سے اپل کی سمت ترقیاتی منصوبوں کی تیاری اور اونچی عمارتوں کی منظوری کے فیصلوں کے بعد اب شہر کی گنجان آبادی والے علاقوں میں بھی جادئیدادوں کی قیمتوں میں بھاری اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ساتھ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے شہر کے رہائشی علاقوں میں معیاری بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان علاقوں میں فراہم کی جانے والی سہولوں کو بہتر بنانے کے ساتھ شہر کی اہمیت میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں تلنگانہ تحریک کے دوران جائیدادوں کی قیمتو ںمیں گراوٹ ریکارڈ کی گئی تھی اور رئیل اسٹیٹ مارکٹ کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی تھی اور علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ رئیل اسٹیٹ اور اراضیات کی تجارت میں بہتری پیدا ہوگی لیکن جائیدادوں کی قیمتو ںمیں استحکام پیدا ہونے کے لئے تین سال لگ گئے لیکن اب دو برسوں کے دوران شہر حیدرآباد میں جائیدادوں کی قیمتو ںمیں دگنا اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ شہر میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے فروغ کے علاوہ بیرونی کمپنیوں کی آمدکے سبب حیدرآباد میٹروپولیٹین شہر میں تبدیل ہوتا جا رہاہے اور اندرون ملک مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والوں کے علاوہ بیرون ملک شہریوں کی جانب سے شہر کو سکونت کیلئے اختیار کیا جانے لگا ہے اسی لئے شہر میں موجود سہولتوں کو بہتر بنانے کے علاوہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہریوں میں شعور اجاگر کرتے ہوئے شہر کی سڑکوں کو صاف ستھرا رکھنے اور ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ شہری علاقو ں شجرکاری کو بہتر بنانے اور درختوں کے ساتھ ٹریفک کے معیار کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات کئے جانے لگے ہیں جس کے مثبت اثرات جائیدادوں کی قیمتوں پر بھی مرتب ہونے لگے ہیں۔
