اندرون دو یوم آر ٹی سی پر مثبت فیصلہ کرے: جگاریڈی

   

حیدرآباد۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے کہا کہ اگر اندرون دو یوم آر ٹی سی بحران پر حکومت مثبت فیصلہ نہ کرے تو کانگریس احتجاج میں شدت پیدا کردے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی بحران کے لیے کے سی آر ذمہ دار ہیں اور 50 دن سے زائد تک ہڑتال کے باوجود کے سی آر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غور کرنے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس بات کا احساس ہے کہ اگر کانگریس پارٹی برسر اقتدار ہوتی تو یہ مسائل پیدا نہ ہوتے۔ ٹی آر ایس نے انتخابی منشور میں آر ٹی سی اور دیگر ملازمین کے ساتھ کئی وعدے کئے تھے لیکن اقتدار ملتے ہی وعدوں کو فراموش کردیا گیا۔ آر ٹی سی ملازمین کو کو چاہئے کہ وہ اتحاد کو برقرار رکھیں کیوں کہ کانگریس پارٹی ان کے ساتھ جدوجہد میں شریک رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ عوامی مسائل کی یکسوئی صرف کانگریس دور حکومت میں ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ جات کے ملازمین کی بھلائی کانگریس دورحکومت میں ہوئی۔ جگاریڈی نے کہا کہ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، ریونت ریڈی اور وینکٹ ریڈی نے آر ٹی سی بحران پر مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے نمائندگی کی ہے۔ مرکزی وزیر نے جمعرات کو اجلاس طلب کرنے کا تیقن دیا۔ جگاریڈی نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ بحران کے حل کے لیے فوری مداخلت کریں تاکہ 50 ہزار ملازمین اور ان کے خاندانوں کا تحفظ ہوسکے۔