عنقریب آبی تقسیم پر تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں کے درمیان بات چیت
حیدرآباد۔20جون(سیاست نیوز) حکومت آندھرا پردیش نے سیکریٹریٹ میں موجود دو بلاک حکومت تلنگانہ کو واپس حوالہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مکتوب روانہ کردیا ہے۔ محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے حکومت تلنگانہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات سے مطلع کیا کہ حیدرآبا د سیکریٹریٹ میں موجود دو بلاکس کو واپس کیا جا رہاہے جو مکمل طور مخلوعہ ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے گذشتہ دنوں چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی نے حکومت آندھرا پردیش کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی تھی کہ وہ حیدرآباد سیکریٹریٹ میں موجود عمارتوں کو حوالہ کرنے کے اقدامات کریں کیونکہ حکومت تلنگانہ نے سیکریٹریٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے فوری طور پر ایچ اور کے بلا ک کو واپس حوالہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو یوم میں ان عمارتوں کو حکومت تلنگانہ کے حوالہ کردیا جائے گا ۔ ریاستی کابینہ کی جانب سے نئے سیکریٹریٹ کی عمارت کی تعمیر کو منظوری فراہم کئے جانے کے فوری بعد حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے عمارتوں کو حوالے کرنے کے فیصلہ سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دونوں ریاستوں کی حکومتوں نے اپنے طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ دونوں ریاستوں کے مسائل کو سلجھانے کیلئے ایک دوسرے سے ممکنہ تعاون کریں گے۔ حکومت آندھرا پردیش اور حکومت تلنگانہ نے دونوں ریاستوں کے درمیان پانی کی تقسیم کے تنازعہ کو دور کرنے کے سلسلہ میں بھی مذاکرات کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں اس سلسلہ میں پہلے مرحلہ کی بات چیت شروع کی جائے گی اور دونوں ریاستوں کے سرکردہ عہدیداروں کے درمیان یہ مذاکرات ہوں گے۔ ریاست آندھرا پردیش میں حکومت کی تبدیلی کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کا راست فائدہ حکومت تلنگانہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ آندھرا پردیش میں موجود وائی ایس جگن موہن ریڈی کی حکومت دونوں ریاستوں کے درمیان موجود تنازعات کے خوشگوار حل کیلئے کوشاں ہے اسی لئے اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ حکومت تلنگانہ سے بہتر تعلقات استوار کرتے ہوئے ریاست کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے قریبی ذرائع کا کہناہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے بھی اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام پڑوسی ریاستوں سے تعلقات کو بہتر رکھتے ہوئے ریاست کی ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا جائے اسی لئے حکومت تلنگانہ نے کرناٹک ‘ مہاراشٹرا کے علاوہ آندھرا پردیش کی حکومتوں سے تعلقات کو بہتر بنائے ہوئے ہے۔
