ٹیچرس کی 6500 جائیدادوں پر تقررات ‘ ریسیڈنشیل تعلیمی اداروں کے نتائج قابل فخر
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آئندہ دو دن میں ڈی ایس سی اعلامیہ جاری کرکے 6500 جائیدادوں پر ٹیچرس کے تقررات کا اعلان کیا ۔ اسکولی تعلیم کی 5,089 جائیدادوں اور (اسپیشل چلڈرنس ) اسکولس میں 1523 جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر محکمہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ جاریہ سال تعلیمی شعبہ کیلئے29,613 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ۔ سرکاری اسکولس میں کارپوریٹ شعبہ کا تعلیمی ماحول فراہم کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں اور سرکاری اسکولس میں معیار تعلیم کو بلند کرنے اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے بھاری فنڈز خرچ کئے گئے ہیں۔ ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے تقررات کئے جارہے ہیں۔ آئندہ دو دن میں ڈی ایس سی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ اس مرتبہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی بجائے ڈی ایس سی کے تحت ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ دو دن میں ضلع کلکٹرس ڈی ایس سی نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ انہوں نے ایس سی، ایس ٹی، اقلیتی اور بی سی ریسیڈنشیل اسکولس کی کارکردگی پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے کے جی تا پی جی مفت تعلیم فراہم کرنے اقامتی اسکولس کا جال بچھادیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ان اسکولس میں زیر تعلیم طلبہ مسابقتی امتحانات میں بہتر مظاہرہ کررہے ہیں۔ جن ریسیڈنشیل اسکولس کو پہلے انٹر میڈیٹ سطح تک ترقی دی گئی اور اب چند انٹرکالجس کو ڈگری سطح کی تعلیم تک اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ن