مکانات کی تعمیر کے لیے رقمی امداد کا بھی تیقن ، کے چندر شیکھر راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔24اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے اندرون ایک سال شہر حیدرآباد کے صحافیوں کو اراضیات کی حوالگی یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ صحافیوں کے کیا مسائل ہیں اور انہیں کس طرح سے حل کیا جانا چاہئے ۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جلد ہی مسٹر نرسنگ راؤ کو دہلی روانہ کیا جائے گا تاکہ صحافیوں کیلئے دی گئی اراضی کا جائزہ لیا جاسکے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے صحافیوں کو نہ صرف اراضیات کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی بلکہ انہیں بہترین امکنہ اسکیم فراہم کرتے ہوئے انہیں مکانات کی تعمیر کیلئے رقمی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں حکومت سنجیدہ ہے اور حکومت کی جانب سے ان کے مسائل کو حل کرنے کی فوری حکمت عملی تیار کرتے ہوئے اس پر عمل آوری کو یقینی بنایاجائے گا۔ انہو ںنے سیکریٹریٹ (بی آر کے بھون) میں صحافیو ںکے داخلہ پر امتناع کے سلسلہ میں کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ایم ایل اے کوارٹرس میں جلد صحافیوں کیلئے دو کوارٹرس الاٹ کرتے ہوئے انہیں مکمل سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت تمام شعبہ جات کی مجموعی ترقی کے سلسلہ میں اقدامات کر رہی ہے اور حکومت کو ریاست کے تمام طبقات کی معاشی ‘ سماجی اور تعلیمی صورتحال پتہ ہے ۔ اسی لئے حکومت تمام شعبہ جات اور طبقات کی یکساں ترقی کو یقینی بنانے کیلئے منصوبہ بندی کرتے ہوئے خدمات انجام دے رہی ہے۔