یومیہ ہزار سے زائد مریضوں کی نشاندہی انتہائی تشویشناک
حیدرآباد: ریاست میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران 80 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے اور ریاست بھر میں پائے جانے والے مصدقہ مریضوں میں سب سے زیادہ مریض شہر حیدرآباد میں ہیں۔یکم جون کو ریاست بھر میں کورونا وائرس کے جملہ 2792مریض تھے جبکہ17 جون کو مریضوں کی تعداد 5675 تک پہنچ چکی تھی لیکن اس کے بعد مریضوں کی تعداد میں تیز رفتار اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور جس طرح ماہرین نے خدشات ظاہر کئے تھے اسی اعتبار سے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔25 جون کو ریاست تلنگانہ میں جملہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 11ہزار 364 تھی لیکن اس میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ریکارڈکیاجانے لگا اور یومیہ ہزار سے زائد مریضوں کی توثیق کی جانے لگی ہے جو کہ انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے۔25جون کے بعد 4 جولائی کو ریاست میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 22ہزار 312 ہوگئی جبکہ 5 جولائی کو ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں 1590 کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اب ریاست میں کورونا وائرس کے جملہ مریضوں کی تعداد 5جولائی کی شام تک 23 ہزار 902 تک پہنچ چکی ہے۔ریاست میں جملہ 10 ہزار 904 کورونا وائرس کے مریض موجود ہیں جو زیر علاج ہیں جبکہ 23ہزار 902 مریضوں میں 12ہزار 703 افراد کا علاج ممکن ہو پایا ہے اور کورونا وائرس کے سبب تاحال 295افراد کی اموات واقع ہوئی ہیں۔