نئی دہلی ۔ /7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ریلویز نے جمعرات کو کہا کہ اس نے یکم مئی سے 189 شرامک اسپیشل ٹرینیں چلائی ہیں اور زائد از 1.9 لاکھ مائیگرینٹس کو ان کے وطن پہونچایا ہے ۔ مختلف ریاستوں میں مزدوری اور دیگر کام کاج کیلئے ترک وطن کرنے والے افراد کورونا وائرس کے سبب جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں پھنس گئے ہیں ۔ 40 خصوصی ٹرینیں جمعرات کو چلائی گئیں جن میں پہلی ٹرین نئی دہلی سے 1200 مائیگرینٹ ورکرس کو لیکر مدھیہ پردیش کے چترپور پہونچی ۔ اترپردیش میں اب تک زائد از 51 ہزار مائیگرینٹ ورکرس کو ریاست کو واپس لایا جاچکا ہے ۔ اس کیلئے 43 اسپیشل ٹرینیں چلائی گئیں ۔ مزید 13 ٹرینوں کے ذریعہ ریاست کے مختلف حصوں کو ورکرس کی آمد متوقع ہے ۔
