سکریٹریٹ مساجد کی سنگ بنیاد تقریب ملتوی۔ بہت جلد اقلیتی اُمور پر اعلیٰ سطحی اجلاس: محمد محمود علی
حیدرآباد : ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہاکہ مسلم اقلیتی ڈرائیورس کو اندرون ہفتہ ڈرائیور ایمپاورمنٹ اسکیم کے تحت 300 کار حوالے کئے جائیں گے۔ آج وزیرداخلہ نے ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور سے ملاقات کرتے ہوئے اقلیتوں کے متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ محمد محمود علی نے کہاکہ گاڑیوں کی رقم کی اقساط کو قبل ازوقت ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ گاڑیاں حوالے کئے جانے کے بعد ہی ماہانہ اقساط ادا کرنے ہوں گے۔ انھوں نے کہاکہ انیس الغرباء کے ادھورے کام اور جہانگیر پیراں درگاہ کے کام بھی جلد تکمیل کرلئے جائیں گے۔ جہانگیر پیراں درگاہ کے ترقیاتی کاموں کے تعلق سے وزیرداخلہ نے ضلع کلکٹر سے بھی بات چیت کی ہے۔ کلکٹر نے انھیں بتایا کہ پانچ ایکر اراضی حاصل کرنا باقی ہے، جیسے ہی اراضی حاصل ہوگی فوری کام شروع کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے دیگر وظائف کی طرز پر ائمہ و مؤذنین کے مشاہرہ کو بھی گرین چیانل میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ آئمہ مؤذنین کو بھی ماہانہ پابندی سے مشاہرہ مل سکے جس پر وزیر اقلیتی بہبود نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ محمد محمود علی نے کہاکہ حکومت اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ اقلیتوں کی ترقی بہبود اور دوسرے ادھورے کاموں کی جلد از جلد تکمیل کی جائیں گی۔ وزیرداخلہ نے سکریٹریٹ کی مساجد کے سنگ بنیاد پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت مساجد تعمیر کرنے کے پابند ہے اور بہت ہی خوبصورت مساجد تعمیر کی جائیں گی۔ حکومت نے مساجد کے نقشوں کی اجرائی وقت اعلان کیا گیا تھا کہ جون کے اواخر تک دونوں مساجد کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا مگر تمام وزراء کی متفقہ رائے تھی کہ مساجد کے سنگ بنیاد کے ساتھ ساتھ مندر اور چرچ کا بھی سنگ بنیاد رکھا جائے تو مناسب رہے گا لہذا دوسروں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے مساجد کے سنگ بنیاد کو چند دنوں کے لئے ملتوی کیا جارہا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ سکریٹریٹ کی مندر اور چرچ کا نقشہ تیاری کے مرحلے میں ہے۔ جلد ہی اس کام کو مکمل کرلیا جائے گا۔ محمد محمود علی نے بتایا کہ جیسے ہی مندر اور چرچ کا نقشہ تیار ہوجائے گا۔ سکریٹریٹ میں بیک وقت مساجد، مندر اور چرچ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ سکریٹریٹ کی مساجد کے تعلق سے چیف منسٹر سنجیدہ ہے۔ حکومت نے مسلمانوں سے وعدہ کیا تھا کہ سکریٹریٹ کے افتتاح سے قبل مساجد کی تعمیر کی جائے گی اس کو ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے بتایا کہ اقلیتی مسائل پر بہت جلد ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں مختلف اُمور پرتفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔