تاخیر پر انتخابی ضابطہ اخلاق ، اپریل تک غیر یقینی صورتحال
حیدرآباد :۔ چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں کے اجلاس میں ریاست کی مالی صورتحال ، مرکزی بجٹ سے ریاست کو وصول ہونے والے فنڈس کا جائزہ لیتے ہوئے ریاستی ملازمین کے پی آر سی پر عمل آوری سے سرکاری خزانہ پر عائد ہونے والے بوجھ کے بارے میں تفصیلات طلب کیے ۔ کتنے فیصد فٹمینٹ دینے پر کتنا بوجھ برداشت کرنا پڑے گا اور فٹمینٹ کتنا دیا جاسکتا ہے ۔ اس پر رائے طلب کی اور ساتھ ہی ریاستی بجٹ کی تیاری پر بھی اجلاس میں غور و خوص کیا گیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سرکاری ملازمین اور ٹیچرس کو جلد از جلد فٹمینٹ دینے کا اعلان کرنے کے لیے اس کا جو عمل ہے اس کو تیزی سے پورا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ پی آر سی کمیشن کی جانب سے سرکاری ملازمین کو 7.5 فیصد فٹمینٹ دینے کی حکومت کو سفارش کی گئی ہے ۔ اس پر ملازمین کی تنظیموں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ دوسری جانب ایک ہفتہ 10 دن میں گریجویٹ حلقہ کونسل انتخابات کے لیے شیڈول جاری ہونے کا امکان ہے ۔ حکومت اس سے قبل سرکاری ملازمین کو فٹمینٹ کا اعلان کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے ۔ اس پر چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ ملازمین کے وظیفہ حسن پر سبکدوشی کی حد عمر میں اضافہ کرنے کا بھی فٹمینٹ کے ساتھ اعلان کیا جائے گا ۔ اندرون ایک ہفتہ اس کا اعلان نہیں کیا گیا تو کونسل اور میونسپل انتخابات کے انتخابی ضابطہ اخلاق کی وجہ سے یہ مسئلہ اپریل تک تعطل کا شکار ہوسکتا ہے ۔۔