سرکاری دواخانوں کے بستروں کی تعداد بڑھادی گئی ، مریض کی خانگی دواخانوں میں علاج کو ترجیح
حیدرآباد۔ ریاست میں ایک ہفتہ کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں 95فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے سرکاری دواخانوں میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں لیکن اس کے باوجود شہریوں کی جانب سے سرکاری دواخانوں کے بجائے خانگی دواخانو ںمیں علاج کو فوقیت دی جا رہی ہے ۔ 26مارچ کو ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 495ریکارڈ کی گئی تھی اور 2 اپریل کو متاثرین کی تعداد 965ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ 95فیصد اضافہ ہے۔ یکم مارچ کو ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی جملہ تعداد 163ریکارڈ کی گئی تھی اور 31 مارچ کو ریکارڈ کی گئی تعداد 887 تک پہنچ گئی تھی 31 مارچ کو ریاست بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین جو ایکٹیو کیس میں شمار کئے جا رہے تھے ان کی تعداد 5511 ریکارڈ کی گئی تھی لیکن 2اپریل کو ریکارڈ کی گئی تعداد کے مطابق ریاست بھر میں ایکٹیو کیس 6ہزار 159 درج کئے گئے ہیں ۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جملہ کورونا وائرس کے مریضوں میں 77 فیصد ایسے مریض ہیں جن کی عمر21سال سے 60 سال کے درمیان ہے۔ ریاست تلنگانہ میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں میں معائنو ںکی تعداد میں اضافہ کی صورت میں مریضوں کی تعداد میں 5گنا اضافہ ہوسکتا ہے ۔ ایک ہفتہ کے دوران 95 فیصد مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے معائنوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن عملی طور پر ایسا کہیں نظر نہیں آرہا ہے جبکہ محکمہ صحت کا کہناہے کہ موبائیل معائنہ کے مراکز کے علاوہ سرکاری دواخانوں میں معائنہ کیا جا رہاہے علاوہ ازیں 60خانگی مراکز پر آرٹی پی سی آر معائنوں کے سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ 20 سرکاری مراکز پر اس معائنہ کی سہولت موجود ہے اس کے علاوہ ریاست بھر میں جملہ 1064 سرکاری مراکز پر ریاپڈ اینٹی جین معائنوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہیں۔گذشتہ یوم کے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اور آج جاری کردہ بلیٹن کی تعداد کا جائزہ لیا جائے تو 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں مجموعی اعتبار سے ریاست بھر میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔