درگابائی دیشمکھ رینووا کینسر ہاسپٹل کی افتتاحی تقریب ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔26 ۔ستمبر۔(سیاست نیوز) ۔ حکومت تلنگانہ اندرون 30یوم ریاست کے مکینوں کے لئے ڈیجیٹل ہیلت کارڈ کی اجرائی کے اقدامات کر رہی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج درگا بائی دیشمکھ رینووا کینسر ہاسپٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ مہلک امراض سرطان کے سبب کئی افراد فوت ہورہے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت ریاست میں طبی خدمات کو بہتر بنانے اور غریب شہریوں کو مفت علاج کے علاوہ قابل دسترس علاج کی فراہمی کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کرتے ہوئے ریاست کے ہر خاندان کو فیملی ہیلت ڈیجیٹل کارڈ کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے اور جلد ہی ان کارڈ س کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بہتر طبی خدمات کی فراہمی کے لئے تیار کئے جانے والے ڈیجیٹل ہیلت کارڈس کی اجرائی کے منصوبہ کے ساتھ ان کارڈس میں اب تک کئے جانے والے علاج کی بھی تفصیلات درج کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ہیلت پروفائیل کی تیاری کے ذریعہ اسے ڈیجٹلائز کرنے کے منصوبہ کو قابل عمل بنانے کا مقصد شہریوں کو کفایتی طبی خدمات اور غریبوں کو مفت طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کینسر کی مہلک بیماریوں کا شکار ہونے والے مریضوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ ان کے علاج کو قابل دسترس بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں بہتر تعلیم کی فراہمی اور بہتر طبی خدمات کی فراہمی شامل ہیںاور وہ اپنے دور حکومت میں ان خدمات کو بہتر سے بہتر بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے طبی شعبہ میں آنے والی تبدیلیوں سے سرکاری دواخانوں کو ہم آہنگ کرنے کے علاوہ خانگی دواخانوں میں موجود سہولتوں سے غریب عوام کے استفادہ کے اقدامات کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ طبی شعبہ میں جو تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں وہ عوام کے فائدہ اور انہیں بہتر علاج فراہم کرنے کے لئے ہورہی ہیں اور ان تبدیلیوں سے استفادہ کا حق ہر شہری کو حاصل ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ غریب شہریوں کو طبی سہولتوں اور امداد کی فراہمی حکومت کی جانب سے انجام دی جانے والی فلاح وبہبود کی سرگرمیوں میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے اسی لئے ریاستی حکومت نے اقتدار حاصل کرتے ہی آروگیہ شری اسکیم کے ذریعہ فراہم کی جانے والی طبی امداد کو دوگنا کرتے ہوئے اسے 10 لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پر عمل آوری کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہو ںنے درگابائی دیشمکھ ہاسپٹل کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ دواخانہ کے انتظامیہ کی جانب سے حکومت کو پیش کی جانے والی تجاویز پر عمل آوری کے ذریعہ طبی خدمات کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مریض کے دواخانہ پہنچتے ہی اس کے بنیادی معائنے کئے جاتے ہیں اور ان معائنوں کے لئے ہزاروں روپئے خرچ کرنے پڑتے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے ڈیجیٹل کارڈ میں کارڈ رکھنے والے کے بنیادی معائنوں اور ان کے علاج کی تمام تر تفصیلات موجود رہیں گی۔ اس تقریب میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے علاوہ وزیر صحت مسٹر دامودر راج نرسمہا‘ مسٹر وی ہنمنت راؤ سابق رکن پارلیمنٹ ‘ جناب محمد علی شبیر مشیر حکومت برائے اقلیتی ‘ ایس سی ‘ ایس ٹی طبقات کے علاوہ دیگر موجود تھے۔3