اندرون 60 یوم طبقاتی سروے و مردم شماری حکومت تلنگانہ سے احکامات کی اجرائی

   

حیدرآباد۔11 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق ریاست میں طبقاتی سروے و مردم شماری کے سلسلہ میں احکامات جاری کردیئے ہیں۔ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے اس سلسلہ میں جی او کی اجرائی کے متعلق کئے گئے انکشاف کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس جامع طبقاتی مردم شماری کی ذمہ داری محکمہ پلاننگ کو تفویض کی گئی ہے اور اندرون 60 یوم گھر گھر سروے کے ذریعہ تمام تفصیلات اکٹھا کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کی جانے والی اس طبقاتی مردم شماری کے دوران جو تفصیلات حاصل کی جائیں گی ان میں معاشی ‘ سماجی ‘ تعلیمی موقف کے علاوہ ملازمت اور سیاسی و طبقاتی مسائل کے متعلق تفصیلات جمع کی جائیں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات میں اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ اس جامع سروے کے دوران تمام خاندانوں اور امکنہ کے علاوہ طبقاتی ‘ معاشی ‘ تعلیمی موقف کے متعلق ہر شہری کی تفصیلات جمع کی جائیں اور اس عمل کو اندرون 60 یوم مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی حکومت کے اقتدار میں آنے سے قبل کانگریس پارٹی نے ملک بھر میں طبقاتی سروے و مردم شماری کا وعدہ کیا تھا اور اب اس وعدہ کے مطابق ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے تمام طبقات کے معاشی ‘ سماجی اور تعلیمی موقف کے متعلق تفصیلات جمع کرنے کے ساتھ ساتھ جامع سروے کے ذریعہ ان کے معاشرتی موقف کے متعلق تفصیلات جمع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔3