سمنٹ ، اسٹیل کی جی ایس ٹی میں 10 فیصد ، مکانات کے لیے اہل افراد کو 13 ہزار روپئے تک بچت
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سمنٹ اور اسٹیل سے متعلق جی ایس ٹی سلابس میں کمی کے باعث اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے استفادہ کنندگان کو بہت بڑی راحت حاصل ہوئی ہے ۔ فی الحال ان دونوں اشیاء پر 28 فیصد جی ایس ٹی ہے جو 22 ستمبر سے گھٹ کر 18 فیصد تک پہونچ جائے گی جس سے استفادہ کنندگان کو مکانات کی تعمیرات میں کسی قدر مالی بوجھ کم ہوجائے گا ۔ اندراماں ہاوزنگ اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے حکومت نے ہر اسمبلی حلقہ کے لیے 3500 مکانات مختص کیا اور ریاست میں جاریہ سال 4.50 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا نشانہ مختص کیا ہے ۔ جاریہ مالیاتی سال ابھی تک 3.69 لاکھ مکانات مختص کئے گئے ہیں ۔ 3.18 لاکھ مکانات کو منظوری دے دی گئی ہے ۔ 2.05 لاکھ مکانات کی تعمیرات کا آغاز بھی ہوگیا ہے جو مختلف مراحل میں ہیں ۔ ایک اندراماں مکان کے لیے اوسطاً 180 سمنٹ کے تھیلے ( 9 ٹن ) کی ضرورت ہے ۔ ایک سمنٹ کے تھیلے کی قیمت مارکیٹ میں برانڈ کے لحاظ سے 330 ۔ 370 روپئے تک ہے ۔ کمپنیاں ڈیلرس کو جی ایس ٹی شمار کرتے ہوئے سمنٹ سربراہ کرتے ہیں ۔ جی ایس ٹی میں کمی سے ایک سمنٹ کے تھیلے کی قیمت 30 روپئے تک کم ہونے کے امکانات ہیں ۔ اس طرح استفادہ کنندگان کی 5500 روپئے تک بچت ہوگی ۔ ایک مکان کی تعمیر کے لیے 1500 کلو اسٹیل کی ضرورت ہے ۔ ایک کلو لوہے کی قیمت 70 تا 85 روپئے کے درمیان ہے جی ایس ٹی میں کمی سے اسٹیل کی خریدی میں فی کلو 5 روپئے کی کمی ہوگی ۔ اس طرح ایک مکان کی تعمیر میں تقریبا 7500 روپئے کی بچت ہوگی ۔ جی ایس ٹی میں اصلاحات سے سمنٹ اور اسٹیل ملا کر ہر ایک استفادہ کنندگان کو تقریبا 13 ہزار روپئے کا مالی بوجھ کم ہونے کے امکانات ہیں ۔ اندراماں مکانات کی تعمیرات کا آغاز ہونے کے بعد کمپنیوں نے سمنٹ اور اسٹیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کردیا تھا ۔ جس سے استفادہ کنندگان پریشان تھے ۔ فی الحال جی ایس ٹی کی شکل میں انہیں راحت حاصل ہوئی ہے ۔ مارکیٹ میں یہ بھی خبریں سننے کو مل رہی ہے کہ جی ایس ٹی پر عمل آوری شروع ہونے 22 ستمبر سے قبل ایک سمنٹ کے تھیلے پر 30 روپئے اور فی کلو اسٹیل پر 5 روپئے تک اضافہ کردینے کی حکمت عملی تیار کرنے کی تیاریاں کررہی ہیں ۔ اس طرح پہلے ہی قیمتوں میں اضافہ کردینے سے جی ایس ٹی میں کمی کے باوجود سمنٹ اور اسٹیل کی قیمتوں پر کوئی اثر نا پڑنے کی توقع کررہے ہیں۔۔2