آگ کی اطلاع کے بعد ایمرجنسی لینڈنگ،مسافرین محفوظ
نئی دہلی۔31؍اگست ( ایجنسیز ) مدھیہ پردیش کے اندور جانے والے ایئر انڈیا کے طیارے نے 30 منٹ سے زیادہ ہوا میں رہنے کے بعد اتوار کو قومی دارالحکومت دہلی میں ہنگامی لینڈنگ کی کیونکہ پائلٹ کو طیارے کے دائیں انجن میں آگ کی وارننگ ملی تھی۔ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ اے 320 نیو ایئر کرافٹ کا ایک انجن بند کر دیا گیا اور طیارہ بحفاظت دہلی ہوائی اڈے پر اتر گیا۔ ایک ذریعے نے بتایا کہ پرواز نے صبح 6 بج کر 15 منٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اور اس میں 90 سے زائد افراد سوار تھے۔ پرواز AI2913 چلانے والے طیارے کو معائنہ کیلئے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ٹاٹا گروپ کی ملکیت والی ایئر لائن نے مزید تفصیلات میں بتایا کہ فلائٹ AI2913 جو 31 اگست کو دہلی سے اندور کیلئے جارہی تھی ٹیک آف کے فوراً بعد ہی دہلی واپس آ گئی کیونکہ کاک پٹ کے عملے کو انجن میں آگ لگنے کی وارننگ ملی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ معیاری طریقہ کار کے بعد کاک پٹ کے عملے نے انجن کو بند کرنے کا انتخاب کیا اور دہلی واپس آگئے جہاں پرواز بحفاظت اتر گئی۔ایئر انڈیا کے مطابق مسافروں کو متبادل طیارے میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ایئر لائن نے کہا کہ ایئر سیفٹی ریگولیٹر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کو اس واقعے کے بارے میں باخبر کر دیا گیا ہے۔
حالیہ دنوں میں ایئر انڈیا کے طیاروں کو تکنیکی مسائل کا سامنا کرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔