اندور کے بعد گاندھی نگر اور امروہہ میں بھی آلودہ پانی

   

ٹیوب ویل اور نل سے زہریلا پانی ‘عوام میں خوف کا ماحول
نئی دہلی ۔4؍جنوری ( ایجنسیز )گجرات کے دارالحکومت گاندھی نگر میں ٹائیفائیڈ کے معاملوں کی ایک بڑی تعداد رپورٹ ہوئی ہے اور بچوں سمیت 104 مریضوں کو اس بیماری کے مشتبہ معاملوں کے ساتھ ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ واضح رہے اندور کے بعد گاندھی نگر میں بھی آلودہ پانی کے معاملے سامنے آئے ہیں۔اسی طرح یوپی کے امروہہ میں بھی آلودہ پانی سے لوگوں کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے۔ دریں اثنا گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی نے ہفتہ گاندھی نگر سیول ہاسپٹل میں صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ فی الحال 104 مشتبہ معاملے رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ لوگوں کو ابلا ہوا پانی پینے اور گھر کا پکا ہوا کھانا کھانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اندور میں آلودہ پانی سے 15 لوگوں کی موت کے بعد اب اترپردیش کے امروہہ سے بھی ایک بے حد سنگین اور ڈرانے والی تصویر سامنے آ رہے ہے۔ یہاں فیکٹریوں سے نکلنے والا زہریلا اور کیمیکل سے بھرا پانی گاؤں تک پہنچ چکا ہے۔ حالات یہ ہیں کہ ٹیوب ویل ہوں یا گھروں کے نل پانی نہیں زہر نکل رہا ہے۔ اس زہریلے پانی کی وجہ سے گاؤں والے سنگین بیماریوں کی زد میں ہیں، کھیتوں کی زرخیزی قوت ختم ہو رہی ہے اور فصلیں برباد ہو رہی ہیں۔