اندھا دھند فائرنگ میں 3 ڈاکٹر ہلاک

   

برازیلیا: برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں اندھا دھند فائرنگ کرکے تین ڈاکٹروں کو موت کی نیند سْلا دیا گیا۔ دل دہلا دینے والے واقعہ کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور اسے بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر پھیلا دیا گیا ہے۔ خوفناک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین بندوق بردار ریو ڈی جنیرو کے ایک ہوٹل کے کلب میں داخل ہوئے اور وہاں موجود لوگوں کو گولیاں مارنا شروع کردیں۔وحشیانہ حملے کی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ گاڑی سے اترنے والے تین حملہ آوروں نے جمعرات کو تین ڈاکٹروں کو گولی مار دی۔ صرف 30 سیکنڈ میں 33 گولیاں چلائی گئیں۔ حملہ آوروں میں سے ایک کو مزید ہتھیار لینے کیلئے گاڑی کی طرف واپس آتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ فرار کی کوشش کرنے والے ایک ڈاکٹر کو بھی بیدردی سے گولی مار دی گئی۔ ڈاکٹر پرسیو ریبیرو منگل کے روز ہی 33 سال کے ہوئے تھے۔ ڈاکٹر مارکوس ڈی اینڈریڈ کی عمر 62 سال ہے۔ یہ دونوں موقع پر ہی چل بسے۔ 35 سالہ ڈاکٹر ڈیاگو بومفیم نے ہاسپٹل پہنچ کر دم توڑا۔ 32 سالہ ڈاکٹر ڈینیئل سونینڈ کو تین گولیاں ماری گئیں اور وہ زخمی ہوگئے۔