ادھو کی قیادت والی شیو سینا امیدوار کا بلامقابلہ انتخاب یقینی
ممبئی: کئی پارٹیوں کے متعدد رہنماؤں کی درخواستوں کے بعد بی جے پی نے پیر کے روز اپنے امیدوار مرجی پٹیل کا نام اندھیری (ایسٹ) ضمنی انتخاب سے واپس لے لیا۔ اس کے بعد ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا کی رتوجا لٹکے کے بلا مقابلہ انتخاب کی راہ ہموار ہو گئی۔آنجہانی لیڈر رمیش لٹکے کی بیوی اور شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کی امیدوار رتوجا شیوسینا نے کہا ’’میں پارٹی کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جنہوں نے میری حمایت کی۔ میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کروں گی۔‘‘خیال رہے کہ اتوار کے روز مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے نائب وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کو خط لکھ کر بی جے پی سے ضمنی انتخاب نہ لڑنے کی درخواست کی تھی۔