اندھیری میٹرو اسٹیشن پر ایم این ایس کارکنوں کی توڑ پھوڑ، دو افراد پر مقدمہ درج

   

ممبئی، 30 ستمبر (یو این آئی) ممبئی کے مغربی مضافاتی علاقے اندھیری میٹرو اسٹیشن پر ہندی زبان میں اشتہارات لگانے کے خلاف احتجاج کرنے والے ایم این ایس کے دو کارکنوں کے خلاف پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے ۔ پیر کے روز ایم این ایس کارکنوں نے اسٹیشن پر احتجاج کرتے ہوئے کچھ بل بورڈز توڑ ڈالے اور اسٹیشن کے نشانات کو سیاہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہاراشٹرا اور ممبئی کے میٹرو اسٹیشنوں پر صرف مراٹھی زبان میں اشتہارات ہونے چاہئیں کیونکہ مراٹھی ریاست کی سرکاری زبان ہے ۔ اس سلسلے میں پولیس نے رمیش کھرپے اور رویندر اندورکر کے خلاف میٹرو ریلوے (آپریشن اینڈ مینٹیننس) ایکٹ کی دفعہ 3، دفعہ 72 (عوامی نوٹس کو نقصان پہنچانا یا مٹانا) اور بھارتیہ نیائے سہنتا کی دفعہ 324 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔ پولیس نے وضاحت کی ہے کہ دونوں کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق انہیں نوٹس جاری کی گئی ہے۔