حیدرآباد 30 ستمبر ( سیاست نیوز ) تلگودیشم کے قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش کو انر رنگ روڈ اسکام میں دفعہ 41 A Crpc کے تحت نوٹس سونپی گئی ہے ۔ چونکہ نارا لوکیش تلگودیشم رکن لوک سبھا جی جئے دیو کے گھر میں قیام کر رہے ہیں اس لئے سی آئی ی نے پہلے رکن پارلیمنٹ سے اجازت لی اور پھر 5 بجے شام ان کے گھر پہونچی ۔ لوکیش نے سی آئی ڈی ٹیم کا استقبال کیا ۔ انہیں کافی پیش کی اور ان سے سوال کیا کہ وہ آندھرا پردیش سے دہلی تک کیوں آئے ہیں۔ سی آئی ڈی ٹیم نے انہیں بتایا کہ وہ نوٹس دینے آئے ہیں۔ لوکیش نے کہا کہ انہیں واٹس ایپ پر پہلے ہی نوٹس مل چکی ہے ۔ سی آئی ڈی ٹیم نے انہیں نوٹس کے دفعات سے واقف کروایا اور ان سے کہا کہ وہ 4 اکٹوبر کو وجئے واڑہ میں سی آئی ڈی کے دفتر پر حاضر ہوں۔ سی آئی ڈی نے وجئے واڑہ اے سی بی عدالت میں 26 ستمبر کو ایک میمو داخل کرتے ہوئے لوکیش کو اس کیس میں 14 واں ملزم قرار دیا ہے ۔ تلگودیشم جنرل سکریٹری اس کیس میں پیشگی ضمانت کیلئے اے پی ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے ۔ سماعت کے دوران سی آئی ڈی نے عدالت کو بتایا کہ وہ لوکیش کو دفعہ 41A کے تحت لوکیش کو نوٹس جاری کرے گی ۔ چونکہ اس کیس میں گرفتاری کا شبہ نہیں ہے اس لئے عدالت نے تلگودیشم لیڈر کی درخواست کی یکسوئی کردی اور ان سے تحقیقات میں تعاون کرنے کو کہا ۔ واضح رہے کہ لوکیش کے والد و سابق چیف منسٹر و صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اسکام میں جیل میں ہیں اور انہیں انر رنگ روڈ کیس میں بھی ملزم قرار دیا گیا ہے ۔