اخلاق وکردارکوسنوارنے نوجوانوں سے خواہش‘ آرمورمیں حافظ رشادالدین کا خطاب
آرمور ۔29دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حافظ رشاد الدین معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے آرمور کے دورے کے موقع پر آرمور میں مسجد آمنہ سعید آباد کالونی میں خطاب عام سے مخاطب کیا۔جس میں انہوں نے معاشرتی برائیاں اسباب اور حل کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دور برائیوں اور بے راہ روی کا سیلاب ہے جس میں امت مسلمہ اور نوجوانوں کو اخلاقی اور نیکیوں کا باند باندھ کر اسے روکنا چاہیے۔انہوں نے مختلف جاہلیت کے اثرات کا ذکر کیا۔ جس کا شکار ہمارے خاندان اور عورتیں اور نوجوان ہو رہے ہیں۔ مختلف قسم کی برائیوں میں ملوث ہو کر حلال حرام کی تمیز بھلا بیٹھے ہیں۔معاشرے میں زنا عام ہو رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ قتل و غارت گری کا بازار بھی گرم ہے۔انسان مفاد پرستی میں اندھا ہو کر دوسروں سے رحم دلی ہمدردی کا تعلق ختم کر رہا ہے اس کے علاوہ سود کے جال کے اندر سرمایہ دارانہ نظام نے انسانوں کو بری طرح سے پھانس لیا ہے مختلف قسم کے قرضوں کے جال میں ملوث ہو کر انسانی معاشرہ اور خاندانی نظام تباہ ہو رہے ہیں۔انہوں نے سماج کے سلگتے ہوئے مسائل کی طرف توجہ دلائی اور نوجوانوں سے خصوصی طور پر گزارش کی کہ وہ اپنے اخلاق و کردار کو سنواریں قرآن کریم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقے پر مکمل طریقے سے عمل کریں۔سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کا محتاط استعمال کریں اور اس سے اپنے آپ کو دور رکھیں۔انہوں نے خاندانوں اور بزرگوں سے خواہش کی کہ وہ اپنے لڑکوں کی تربیت اسلامی نہج پر کرے قران اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا کرنے کی تلقین کریں اور گھر کے نظام کو بہتر بنائیں تاکہ امت مسلمہ دنیا کے اندر ایک رول ماڈل بن کر ابھرے اور ساری دنیا کو اسلامی تعلیمات سے بہرہ مند کر سکے۔انہوں نے جماعت اسلامی کی دعوتی اصلاحی اور خدمت خلق کے سرگرمیوں کا بھی تذکرہ کیا ۔اس موقع پر ناظم ضلع منظور محی الدین نے افتتاحی کلمات پیش کیے اور امیر مقامی اسلم بن محسن نے تمام مہمانوں کااور شرکاء اجتماع کاشکریہ ادا کیا ۔ خالد ‘ جبار ‘ واجد ‘ مجاہد‘ رفیع و دیگر نے پروگرام کے انتظامات کیے۔جناب راشد علی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
