انسانیت شرمسار ،بیٹی نے ضعیف ماں کو جنگل میںچھوڑ دیا

   

اراضی اور سونا بھی زبردستی چھین لیا
حیدرآباد : یکم مئی ( سیاست نیوز) دن بدن انسانی رشتے شرمسار ہورہے ہیں ، لوگ دولت ، سونا اور جائیداد کیلئے اپنے بوڑھے والدین پریشان کررہے ہیں اور سب کچھ چھین کر انہیں بے یار و مددگار سڑکوں پر چھوڑ رہے ہیں ۔ ایسا ہی ایک واقعہ ضلع جگتیال میں پیش آیا جہاں پر ایک بیٹی نے اپنی ضعیف ماں سے کھیت اپنے نام کراتے ہوئے اور جسم پر موجود سونا چھین لیتے ہوئے رات کے اندھیرے میں گھنے جنگلات میں چھوڑ دیا ۔ ضلع جگتیال کے ہیڈ کوارٹر میں واقع اسلام پور میں ضعیف خاتون بودھوا اپنی بیٹی ایشوریا کے ساتھ رہتی تھی ۔ بڑی محنت و مشقت سے ضعیف ماں نے اپنی بیٹی کی پرورش کی لیکن ماں کے جسم پر موجود سونا اور ان کی جائیداد ہتھیانے کیلئے بیٹی ایشوریا نے ایک خصوصی پلان تیار کیا ۔ دو دن قبل اپنی ماں کو گولا پلی منڈل کے سری راملا پلی گاؤں کے مضافات میں ایک گھنے جنگل میں لے گئی اور ماں کے گلے میں موجود سونا حاصل کرلیا اور ماں کو وہیں چھوڑ کر چلی گئی ۔ بوڑھی ماں اپنی بیٹی کی اس حرکت پر پریشان ہوگئی اور لکڑی کے سہارے چلتے ہوئے سڑک کے کنارے پہنچی، جب مقامی عوام نے اس ضعیف خاتون سے اندھیرے میں تنہا گھر سے باہر نکلنے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے سارا معاملہ عوام کو سنایا جس پر مقامی عوامی نے عہدیداروں کو اس کی اطلاع دی ۔ عوام یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ضعیف خاتون کے ہاتھ باندھے ہوئے تھے ۔ ضعیف خاتون نے اپنی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چند برس قبل ان کے شوہر کا انتقال ہوگیا اور ان کی ایک بیٹی ایشوریا ہے جو اپنے شوہر اور سسر کے ساتھ نرسنگاپور میں رہتی ہیں ۔ بیٹی نے ایک ایکڑ اراضی اپنے نام رجسٹر کرالی اُس کے بعد مجھے ہراساں کرنا شروع کردیا اور مارپیٹ کرتے ہوئے گھنے جنگل میں چھوڑ دیا ۔ اپنی داستان سناتے ہوئے ضعیف خاتون رو پڑیں ۔ 2