اعضاء کے عطیہ دینے میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ، رویندرا بھارتی میں تقریب ، وزیر صحت کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے انسانی اعضا کا عطیہ دیتے ہوئے دوسروں کو نئی زندگی عطا کرنے کی ہاتھ جوڑ کر عوام سے اپیل کی ۔ 13 ویں قومی یوم اعضا کے موقع پر رویندرا بھارتی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء محمد محمود علی ، سرینواس یادو رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سارے ملک میں سب سے زیادہ اعضا عطیہ دینے کا اعزاز ریاست تلنگانہ کو ہے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ اپنے عزیزوں کو کھونے کا غم ہونے کے باوجود کئی خاندانوں نے دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لیے بستر مرگ پر موجود اپنے ارکان خاندان کے اعضا کو عطیہ دیا ہے ۔ اس طرح کی سونچ رکھنے والوں کو وہ دونوں ہاتھ جوڑ کر سلام کرتے ہیں اور ساتھ ہی تہہ دل سے اظہار تشکر بھی کرتے ہیں ۔ ’ رئیل ہیرو ‘ کہلانے والے 105 افراد کے ارکان خاندان کو آج تہنیت پیش کرتے ہوئے انہیں بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ برین ڈیڈ ہونے والے افراد کے اعضا کے عطیہ دینے کے معاملے میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ سال 2022 میں تلنگانہ میں 194 افراد نے اپنے اعضا کا عطیہ دیا ہے ۔ تاملناڈو میں 156 کرناٹک میں 151 گجرات میں 148 اعضا کا عطیہ دیا گیا ہے ۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ سال 2013 میں جیون دان پروگرام کا آغاز کیا گیا ۔ ابھی تک 4829 اعضا کا عطیہ حاصل کرتے ہوئے انہیں ضرورت کے مطابق عوام کی پیوندکاری کی گئی ہے ۔ ان میں 1288 برین ڈیڈ ہونے والے افراد سے اعضا حاصل کیا گیا ۔ سال 2022 میں ملک بھر میں 1675 ٹرانسپلانٹ سرجریز ہوئی ہے ۔ ان میں صرف ریاست تلنگانہ میں 530 سرجریز ہوئی ہیں ۔ شہر حیدرآباد کا نمس ہاسپٹل اعضا کی پیوندکاری کے مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ پیوندکاری کی سرجری کے لیے 10 تا 15 لاکھ روپئے کے مصارف ہے مگر حکومت آروگیہ شری اسکیم کے تحت مفت اعضا کی پیوندکاری سرجریز کررہی ہے ۔۔ ن
